OthersPosted at: May 19 2017 5:21PM بی جے پی کو ہر حال میں دہلی کی کرسی سے بے دخل کرکے رہیں گے: لالو
پٹنہ،19 مئی (یو این آئی) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی ) کے صدر لالو پرساد یادو نے آج کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ کو ہر حال میں وہ دہلی کی کرسی سے بے دخل کرکےرہیں گے۔ مسٹر یادو نے بی جے پی اور آر ایس ایس کےخلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ٹوئیٹ کیا ’’ بی جے پی اور آر ایس ایس والے سن لیں ، لالو آپ لوگوں کو دہلی کی کرسی سے ہٹا کر رہیں گے چاہے میری جو بھی حالت ہو۔ ا س بات کو براہ راست سمجھ لیں اور مجھے دھمکی دینے کی ہمت نہ کریں‘‘۔ واضح رہے کہ تین دن قبل آر جے ڈی صدر مسٹر یادو کو ان سے منسلک لوگوں کے نئی دہلی اور قومی راجدھانی خطے گروگرام کے ٹھکانوں پر محکمہ انکم ٹیکس نے چھاپے مارے تھے اس کے بعد مسٹر یادو کے ساتھ ہی ان کی پارٹی کی طرف سے بی جے پی کے خلاف مسلسل تلخ بیانات آرہے ہیں۔ یو این آئی۔ ایف اے۔ ایم جے۔