NationalPosted at: Nov 12 2019 9:35PM مہاراشٹر میں صدارتی حکومت کا نفاذ،قانون ساز اسمبلی معطل
نئی دہلی ، 12 نومبر (یو این آئی) مہاراشٹر میں تیزی سے بدلتی ہوئی سیاسی پیشرفت کے درمیان ، صدر رام ناتھ کووند نے آج ریاست میں صدارتی حکومت سے متعلق سفارش پر مہر ثبت کردی۔
سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ مسٹر کووند نے مرکزی کابینہ کی سفارش پر مہاراشٹر میں چھ ماہ کے لئے صدر راج کی منظوری دی ہے۔ اس دوران قانون ساز اسمبلی معطل رہے گی۔
اس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی میٹنگ میں مہاراشٹر میں صدر راج نافذ کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ مرکزی کابینہ نےگورنر بھگت سنگھ کوشیاری کی سفارش پر غور کرتے ہوئے صدارتی حکومت کی سفارش کی تھی ، جسے شام کو مسٹر کووند نے منظور ی دے دی۔
ذرائع کے مطابق مسٹر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کے اجلاس میں مہاراشٹر کے گورنر کی رپورٹ کی بنیاد پر ریاست میں صدر راج نافذ کرنے کی سفارش کومنظوری دی گئی۔
راج بھون کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری ایک ریلیز کے مطابق مسٹر کوشیاری کا خیال ہے کہ ریاست میں آئین کے مطابق حکومت کی تشکیل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے منگل کو آئین کے آرٹیکل 356 کی دفعات کے تحت مرکز کو اس سلسلے میں ایک رپورٹ سونپی۔
الزام تراشی کے دور کے درمیان اپوزیشن نے زور دے کر کہا کہ مسٹر مودی کے بیرون ملک جانے سے ٹھیک پہلے مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں گورنر کی سفارش کی حمایت کی گئی اور اسے صدر راج نافذ کرنے کے لئے صدر کے پاس بھیج دیا۔
جاری
یواین آئی۔ م س