RegionalPosted at: Jan 19 2025 7:14PM مہاکمبھ میلہ علاقے میں آتشزدگی،18 ٹینٹ راکھ

مہاکمبھ نگر:19جنوری(یواین آئی) مہاکمبھ نگر میں جھونسی تھانہ علاقے میں لوور سنگم کے سیکٹر 19 میں اتوار کو آگ لگنے سے 18ٹینٹ جل کر راکھ ہوگئے۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ میلہ کے کاموں کا معائنہ کرنے کے لئے تشریف فرما ہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے موقع واردات کا دورہ کیا اور حالات کا جائزہ لیا۔
آگ لگنے کی اطلاع پر فورا میلہ افسر وجئے کرن آنند اور ایس اس پی راجیش دویدی سمیت تمام افسران موقع پر پہنچے۔
ڈی ایم روندر کمار ماندڑ نے کہا کہ 4.30 بجے کمبھ علاقے سیکٹر کے گیتا پریس کیمپ میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔ دمکل اور پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی۔ گیتا پریس کے ساتھ 10 پریاگ وال کے ٹینٹ میں بھی آگ پھیلنے کی اطلاع ملی تھی جس پر قابو پالیا گیا ہے۔ حالات معمول پر ہیں۔کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
چیف فائر افسر(کمبھ)پرمود شرما نے بتایا کہ سیکٹر 19 میں شاستر پل کے نیچے گیتا پریس کے کیمپ میں آگ لگی تھی۔ کئی کیمپ جل کر راکھ ہوگئے۔ فائر بریگیڈ نے علاقہ سیل کردیا۔ آگ بجھانے کے لئے تقریبا 15دمکل کی گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا۔ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ وجوہات کی جانچ کی جارہی ہے۔
یواین آئی۔ولی