NationalPosted at: Jun 24 2021 10:36PM جموں و کشمیر میں زمینی جمہوریت کو مضبوط کرنا ترجیح: مودی
نئی دہلی، 24 جون (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ جموں و کشمیر میں زمینی جمہوریت کو مستحکم کرنا مرکزی حکومت کی ترجیح ہے۔
مسٹر مودی نے آج یہاں اپنی رہائش گاہ پر جموں و کشمیر کی سیاسی پارٹیوں کی کل جماعتی میٹنگ کے بعد یہ اظہار خیال کیا۔
تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تک چلنے والی اس میٹنگ کے بعد مسٹر مودی نے سلسلہ وار ٹیوٹ کرتے ہوئے کہا،’جموں و کشمیر کے رہنماؤں کے ساتھ آج کی میٹنگ ایسے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر جموں و کشمیر کے تئیں کی جانے والی کوششوں کی سمت میں اہم قدم ہے جس میں چہار رخی ترقی پر زور ہے‘۔
ایک دیگر ٹویٹ میں انہوں نے کہا،’جموں و کشمیر میں زمینی جمہوریت کو مضبوط کرنا ہماری ترجیح ہے۔ ڈی لیمیٹیشن کا عمل تیزی ہونا ہے تاکہ الیکشن ہو سکے اور جموں و کشمیر کو منتخب حکومت ملے جو وہاں کی ترقی کی راہ پر مضبوطی سے آگے بڑھے‘۔
وزیراعظم نے کہا،’ ہماری جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت بیٹھ کر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ میں نے تمام رہنماؤں کو بتایا ہے کہ یہ لوگ ہی ہیں بالخصوص نوجوان جنھیں جموں و کشمیر کو سیاسی قیادت دینا ہے اور یہ یقینی بنانا ہے کہ ان کی امید پوری ہو سکے‘۔
میٹنگ میں کانگریس کے سینیئر رہنما غلام نبی آزاد، نیشنل کانفرنس کے رہنما فاروق عبداللہ-عمر عبداللہ، پیپلس ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما محبوبہ مفتی، جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے الطاف بخاری، بی جے پی کے چمن لال اور جموں و کشمیر کے دیگر سیاسی پارٹیوں کے رہنما شامل ہوئے۔
جموں و کشمیر میں سیاسی لحاظ سے بے حد اہم میٹنگ میں وزیراعظم کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیراعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، وزیراعظم کے چیف ایڈوائزر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لفیٹینینٹ گورنر منوج سنہا اور کئی دیگر سینیئر افسران نے حصہ لیا۔
یو این آئی،ایم اے۔