NationalPosted at: Apr 14 2024 9:21PM بی جے پی کے سنکلپ پتر کا ہر نکتہ مودی کی گارنٹی: وزیر اعظم مودی
نئی دہلی، 14 اپریل (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا انتخابات کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے منشور ’مودی کی گارنٹی سنکلپ پتر 2024‘ جاری کرتے ہوئے اتوار کو کہا کہ اگلے پانچ سالوں میں اصلاحات ، کارکردگی، تبدیلی کے منتر پر آگے بڑھتے ہوئے، ہم مزید تیزی سے ترقی کریں گے۔
مستقبل کے لیے پارٹی کے وعدوں کے علاوہ، بی جے پی کے انتخابی منشور میں مودی حکومت کی گزشتہ دس سالوں کی کامیابیاں شمار کی گئی ہیں ہے۔ پارٹی نے آیوشمان بھارت اسکیم کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ 70 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو اس دائرے میں لانے ، ملک کو دنیا کا ایک بڑا مینوفیکچرنگ ہب بنانا، اور قومی سلامتی اور ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ سماجی و اقتصادی انفراسٹرکچر کی ترقی کے نشانے کو حاصل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، جس میں بلٹ ٹرین کے ملک کے دیگر حصوں تک توسیع دینے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے 2024 کے عام انتخابات میں پارٹی کی کامیابی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی نتائج کا اعلان ہوتے ہی پارٹی منشور پر عملدرآمد شروع کر دے گی۔
مسٹر مودی نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پروگرام میں کہا ’’پورا ملک بی جے پی کے منشور کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ ہے۔ پچھلے 10 سالوں میں بی جے پی نے اپنے منشور کے ہر نکتے کو گارنٹی کے طور پر نافذ کیا ہے۔ 4 جون کے بعد بی جے پی کے سنکلپ پتر پر تیزی سے کام شروع ہو جائے گا۔ بی جے پی نے ایک بار پھر اپنے منشور میں ایمانداری کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہمارا منشور ترقی یافتہ ہندوستان کے 4 مضبوط ستونوں - نوجوان، خواتین، غریب اور کسانوں کو بااختیار بناتا ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا ’’ہماری توجہ وقار اور معیار زندگی پر ہے۔ ہماری توجہ اس سرمایہ کاری پر ہے جس سے ملازمتیں پیدا ہوتی ہیں۔ یہ منشور مواقع کی مقدار اور معیار دونوں پر زور دیتا ہے۔ ایک طرف، ہم نے مختلف بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے ذریعے روزگار پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ دوسری طرف، ہم اسٹارٹ اپس اور عالمی حبس کو فروغ دے کر اعلیٰ قدر کی خدمات کو فروغ دینے پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔ ہمارا منشور نوجوان ہندوستان کی نوجوان امنگوں کا عکاس ہے۔‘‘
غریبی مٹانے کی کوششوں پر زور دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا ’’بی جے پی حکومت نے گزشتہ 10 سالوں میں 25 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا ہے۔ تاہم، انہیں مستقل استحکام کی ضرورت ہے، ورنہ ان کا دوبارہ غربت میں گرنے کا خطرہ ہے۔ اس ذہنیت کے ساتھ، بی جے پی نے غربت کے خاتمے کی کئی اسکیموں میں توسیع کا عہد بھی کیا ہے۔ مودی اس بات کی گارنٹی دیتے ہیں کہ مفت راشن اسکیم اگلے 5 سال تک جاری رہے گی۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ غریب شخص کی پلیٹ میں کھانا غذائیت سے بھرپور، اطمینان بخش اور سستا ہو۔‘‘
جاری۔ یو این آئی۔ این یو۔