OthersPosted at: Mar 25 2023 7:48PM کھڑگے کے گڑھ میں میئر کے انتخاب میں جیتنا بی جے پی کی اقتدار میں واپسی کی علامت: مودی

داونگیرے (کرناٹک)، 25 مارچ (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گڑھ میں میئر کے انتخاب میں بی جے پی کی جیت اس بات کی علامت ہے کہ کرناٹک میں پارٹی اقتدار میں واپس آ رہی ہے اور ریاست کے عوام ریاست میں ڈبل انجن والی حکومت کو واپس لانے کے لیے پرعزم ہیں۔
آج یہاں وجئے سنکلپ یاترا سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا ’’آج ایک خوشی کا اتفاق ہے، آج وجئے سنکلپ ریلی ہو رہی ہے اوراسی وقت کرناٹک کے کلبرگی میں جو کانگریس پارٹی کے صدر کا گڑھ ہے، وہاں میئر اور ڈپٹی میئرکے انتخاب میں بی جے پی نے جیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جیت کی گونج کانگریس پارٹی کے قومی صدر کے گھر پر سنائی دی۔ یہ بی جے پی کی وجے سنکلپ یاترا کے فتح مارچ کے آغاز کی ایک طرح سے اچھی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وجے سنکلپ ریلی کا جوش و خروش اور کلبرگی (کھڑگے کے آبائی ضلع) میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات میں بی جے پی کی جیت ریاست میں ڈبل انجن والی حکومت کو واپس لانے کے ریاستی عوام کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے لیے واضح اکثریت کی مانگ کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ تیزی سے ترقی کرنے کے لئےمکمل اکثریت والی مستحکم بی جے پی حکومت اہم ہے کیونکہ اس نے موقع پرست اور خود غرض مخلوط حکومتوں کا طویل دور دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا’’کرناٹک نے موقع پرست اور خود غرض مخلوط حکومتوں کا طویل دور دیکھا ہے اور ہمیشہ ایسی حکومتوں کا شکار رہی ہے۔ لہذا، کرناٹک کی تیز رفتار ترقی کے لیے تیزی سے ترقی کے ساتھ ایک مستحکم بی جے پی حکومت بہت ضروری ہے۔‘‘
کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ سدارمیا کو اپنی ہی پارٹی کے ایک کارکن کو تھپڑ مارنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ جو لوگ اپنے کارکنوں کی عزت نہیں کر سکتے وہ لوگوں کی عزت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا ’’کل میں نے سوشل میڈیا پر کرناٹک کا ایک ویڈیو دیکھا۔ ایک پارٹی کے ایک سینئر لیڈر، کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ، اپنی ہی پارٹی کے ایک کارکن کو سرعام تھپڑ مار کر خوش ہو رہے تھے۔ جو اپنے کارکنوں کو عزت نہیں دے سکتے وہ عوام کی عزت کیسے کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بی جے پی نے تاثر کی سیاست کو ملک میں کارکردگی کی سیاست میں بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک برسوں سے گندی سیاست کا شکار تھا جو کہ الزام تراشی کی سیاست کے سوا کچھ نہیں تھا۔ لیکن آج بی جے پی نے تصور کی سیاست کو ملک میں کارکردگی کی سیاست میں بدل دیا ہے۔
بی جے پی لیڈروں کے مطابق وجے سنکلپ ریلی میں تقریباً سات لاکھ لوگوں نے شرکت کی۔
یو این آئی۔ این یو۔