RegionalPosted at: Aug 10 2022 9:43PM شارٹ کٹ پالیسیاں ملک کے لیے خطرناک: مودی

پانی پت، 10 اگست (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو سیاسی فائدے کے لیے 'شارٹ کٹ' پالیسی اپنانے والے لیڈروں کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی پالیسیوں سے 'شارٹ سرکٹ' ضرور ہوتا ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ ملک میں کچھ پارٹیاں اور لیڈر مایوسی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور جھوٹ پر جھوٹ بولتے رہتے ہیں لیکن عوام ان پر بھروسہ کرنے کو تیار نہیں ہے۔ وزیر اعظم ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہریانہ کے پانی پت میں 2جی ایتھنول پلانٹ کو قوم کے نام وقف کرنے کے لیے منعقد پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔
دھان کی پرالی سے ایندھن بنانے والا یہ پلانٹ سرکاری تیل کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے 900 کروڑ روپے کی لاگت سے لگایا ہے اور یہ پانی پت ریفائنری کے قریب قائم کیاگیا ہے۔ اس میں سالانہ دو لاکھ ٹن پرالی کی کھپت ہوگی جس سے تقریباً 3 کروڑلیٹر ایتھنول تیار ہو گا اور پرالی جلانے کے مسئلے پر قابو پایا جا سکے گا۔
کانگریس کا نام لیے بغیر مسٹر مودی نے کالے کپڑوں میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف حالیہ مظاہروں پر طنز کرتے ہوئے کہا، "ہم نے ابھی 5 اگست کو دیکھا کہ کس طرح کالا جادو پھیلانے کی کوشش کی گئی، یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ اس سے ان کی مایوسی اور ناامیدی ختم ہوجائے گی۔
وزیر اعظم نے کہا، "وہ کتنی ہی جھاڑ پھونک کرلیں، کتنا ہی کالا جادو کرلیں، توہم پرستی کرلیں، عوام کا اعتماد ان پر دوبارہ کبھی قائم نہیں ہوگا۔
یواین آئی۔الف الف