NationalPosted at: Apr 8 2020 3:29PM ارکان پارلیمنٹ کے بھتوں میں کمی
نئی دہلی، 8 اپریل (یو این آئی) کورونا وائرس وبا سے پیدا ہوئی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر رکن پارلیمنٹ کی تنخواہوں کے ساتھ ان کے الاؤنس میں بھی کٹوتی کی گئی ہے۔
لوک سبھا اور راجیہ سبھا سکریٹریٹ نے اس سلسلے میں الگ الگ نوٹی فکیشن جاری کئے ہیں۔ ان میں سبھی ارکان پارلیمنٹ کے حلقہ انتخاب الاؤنس 70 ہزار روپے ماہانہ سے کم کرکے49 ہزار روپے ماہانہ کردیئے گئے ہیں۔ یہ انتظام یکم اپریل 2020 سے 31 مارچ 2021 تک کے لئے کیا گیا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کو ملنے والے دفتری اخراجات کا الاؤنس کے تحت اسٹیشنری اور ڈاک کے اخراجات کے لئے ملنے والی رقم بھی 20 ہزار روپے فی ماہ سے کم کرکے 14 ہزار روپے ماہانہ کر دی گئی ہے۔ دیگر مراعات میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے منگل کو ہی ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہ میں ایک سال کے لئے 30 فیصد کٹوتی سے متعلق آرڈیننس کو منظوری دی تھی۔ واضح رہے کہ اس آرڈیننس کے فارمیٹ کو پیر کے روز مرکزی کابینہ کی منظوری ملی تھی۔
کووڈ۔19 سے نپٹنے کےلئے فاضل رقم حاصل کرنے کی کوششوں کے تحت ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی ہے۔ صدر، نائب صدر اور گورنروں نے بھی خود سے اپنی تنخواہ میں 30 فیصد کی کٹوتی کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ارکان پارلیمنٹ کو ان کے حلقے میں ترقیاتی کاموں کےلئے ملنے والے ایم پی فنڈ پر بھی دو سال کے لئے روک لگادی گئی ہے۔ یہ پیسہ ملک کے کنسولیٹیڈ فنڈ میں جمع کیا جائے گا۔
یو این آئی۔ این یو۔