RegionalPosted at: Jul 22 2019 12:38PM شیلا دکشت کو خراج عقیدت، کارروائی پورے دن کے لئے ملتوی
بھوپال، 22جولائی (یو این آئی) مدھیہ پردیش اسمبلی میں آج کانگریس کی سینئر لیڈر اور دہلی کی سابق وزیراعلی شیلا دکشت اور ایوان کے سابق رکن نیمی چند جین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد ایوان کی کارروائی پورے دن کے لئے ملتوی کردی گئی۔
کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر این پی پرجاپتی نے محترمہ دکشت اور مسٹر جین کے انتقال کا باقاعدہ ذکر کرتے ہوئے ایوان کی طرف سے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلی کملناتھ اور دیگر اراکین نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور کارروائی کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردی گئی۔
محترمہ دکشت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعلی مسٹر کملناتھ نے کہاکہ ملک کی سیاست میں محترمہ دکشت ان لوگوں میں شامل رہیں جنہوں نے مرکز میں وزیر، کسی ریاست کی گورنر اور وزیراعلی کے طورپر طویل عرصہ تک کام کیا ہو۔ انہوں نے کہاکہ محترمہ دکشت نے دہلی کے ڈیولپمنٹ کا نقشہ بنایا۔ انہی کی بدولت دہلی صورت بدل گئی۔
اپوزیشن کے لیڈرگوپال بھارگو نے کہاکہ محترمہ دکشت نے ملک کی راجدھانی کو نئی صورت دی۔ انہوں نے کہاکہ جب سے محترمہ دکشت دہلی کے وزیراعلی کے عہدہ سے ہٹیں تب سے ایک خلا آگیا۔
یو این آئی۔ م ع۔ 1230