OthersPosted at: Jun 23 2022 12:49PM دروپدی مرمو دہلی کے لیے روانہ
بھونیشور، 23 جون (یو این آئی) آئندہ صدارتی انتخابات کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی امیدوار دروپدی مرمو اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے لیے سخت سیکورٹی کے درمیان جمعرات کو دہلی روانہ ہوگئیں۔
محترمہ مرمو ایم سی ایل گیسٹ ہاؤس سے بیجو پٹنائک بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچیں۔ ہوائی اڈے پر ان کے حامیوں، بی جے پی قائدین، پارٹی کارکنان اور خیر خواہوں کی بڑی تعداد ان کا استقبال کرنے اور رخصت کرنے کے لیے موجود تھی۔ یہاں انہیں بڑے جوش و خروش کے ساتھ رخصت کیا گیا۔ ائیرپورٹ پر ان کے اعزاز میں روایتی قبائلی لوک رقص پیش کیا گیا۔
دہلی روانہ ہونے سے پہلے محترمہ مرمو نے تعاون کے لیے سب کا شکریہ ادا کیا اور سب سے تعاون طلب کیا۔
بی جے پی نے منگل کو جھارکھنڈ کے سابق گورنر اور اوڈیشہ کے سابق وزیر کے نام کا ملک کے اعلیٰ آئینی عہدے کے لیے اعلان کیا۔
بیجو جنتا دل کے صدر اور اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے پہلے ہی محترمہ مرمو کے لیے اپنی حمایت کا اعلان کر دیا ہے اور ریاست کے تمام ایم ایل ایز سے پارٹی لائنوں پر ووٹ دے کر ان کی جیت کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔
دہلی پہنچنے کے بعد، محترمہ مرمو اوڈیشہ بھون میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے تک قیام کریں گی ۔
یواین آئی۔اےایم۔