OthersPosted at: Jan 4 2018 6:37PM مسلمانوں کے تمام شعبہ حیات میں پچھڑنے کی واحد وجہ تعلیم سے دوری : شیخ ابوبکر احمد
کالی کٹ، 4جنوری (یو این آئی) مرکز الثقافۃ السنیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر شیخ ابوبکر احمد نے مسلمانوں کی ہمہ جہت ترقی اور بہبود کے لئے تعلیم کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کے تمام شعبہ حیات میں پچھڑنے کی واحد وجہ تعلیم سے دوری ہے۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں مرکز کے چار روزہ روبی جبلی عالمی کانفرنس میں کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو جہاں دینی تعلیم پر توجہ دینے کی ضرورت ہے وہیں عصری تعلیم کو دینی تعلیم کی طرح شدت سے اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ مرکز الثقافۃ السنیہ اسلامیہ نے اپنے ابتدائے قیام سے ہی دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم پر توجہ دی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مرکز میں اس وقت قرآن و شریعت کی تعلیم کے ساتھ پیشہ وارانہ تعلیم بھی دی جاتی ہے اور یہاں سے ڈاکٹر ، انجینئر، وکلاء ایم بی اے نکلتے ہیں اور دیگر عصری تعلیم بھی دی جاتی ہے اور سردست اس مرکز کے 300 سے زائد اسکول, 150 کالجز، دس ہزار سے زائدمدارس و مکاتب اور دیگر ادارے چل رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ 20سے زائد ریاستوں میں ہمارے ادارے چل رہے ہیں اور اس میں 30ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں شدت سے اس بات کا احساس کرنا ہوگا کہ تعلیم ہی تمام کامیابی کی کنجی ہے اور قوم کا وقار بھی۔
متحدہ عرب امارات حکومت کے مشیر علی الہاشمی نے بھی تعلیم کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ قرآن کی پہلی آیت اقرا ہے ۔اس کا مطلب یہ ہوا کہ اسلام میں تعلیم کی ہی اہمیت ہے اور اسلام کا پہلا پیغام علم ہے۔ انہوں نے کہاکہ انسانیت کی قدر و منزلت بغیر علم کے نہیں پہنچان سکتے۔اسی کے ساتھ انہوں نے کہاکہ انسانی ثفاقت کی تفہیم بھی علم کی بدولت ہے اور خوشی کی بات ہے کہ مرکز نے اس کا بیڑہ اٹھایا ہے۔
لولو گروپ کے چیرمین پدم شری ڈاکٹر ایم اے یوسف علی پروگرام میں شرکت سے قبل مرکز بوائز ہائر سیکنڈری اسکول کا افتتاح کیا اور اس موقع پر مسلمانوں سے تعلیمی ادارے قائم کرنے پر زور دیاانہوں نے کہاکہ مرکز سے تعلیم کے سلسلے میں بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر یوسف کو ایکسلینسی ایوارڈ بھی پیش کیا گیا۔
تیونس کی زیتون یونیوورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر حشام عبدالکریم قریسہ نے ہندوستان آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہیں یہاں کی تہذیب و ثفافت دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مرکز اسی سمت میں کامیابی و کامرانی کے ساتھ آگے بڑھے گا۔
جاری۔یو این آئی۔ ع ا۔ ایف اے۔م الف