NationalPosted at: Aug 27 2019 7:48PM معروف ادیب اور ماہنامہ آ جکل کے سابق نائب مدیر نند کشور وکرم کا انتقال
نئی دہلی، 27 اگست (یو این آئی)اردو کے بزرگ ادیب، افسانہ نگار، حوالہ جاتی مجلہ ’عالمی اردو ادب‘ کے مدیر اور ناشر اور ماہنامہ آ جکل کے سابق اسسٹنٹ ایڈیٹر نند کشور وکرم کا آ ج یہاں انتقال ہوگیا ان کی عمر 90 برس تھی پسماندگان میں ایک بیٹا اور دوبیٹیاں ہیںان کی پیدائش 17 ستمبر 1929 کو غیر منقسم ہندوستان کے شہر راولپنڈی میں ہوئی تھی۔تقسیم کے بعد وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہندوستان آگئے تھے۔یہاں آنے کے بعد بھی اپنی ادبی اور صحافتی سرگرمیاں جاری رکھیں اور انہوں نے مارچ 1957 میں دہلی انتظامیہ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔اس کے بعد 1964 سے 1979تک بطور اسسٹنٹ ایڈیٹر ماہنامہ آ جکل میں خدمات انجام دیں اور انہوں نے پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) میں بطور اسسٹنٹ انفارمیشن آفیسر کے طور پر بھی کام کیامسٹر نند کشور وکرم گزشتہ 35 سال اردو کا واحد حوالہ جاتی مجلہ عالمی اردو ادب نکال رہے تھے۔ انھوں نے ترقی پسند مصنفین کی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔انھوں نے ادبی زندگی کا آغاز شاعری سےکیا پھر کہانیاں لکھنی شروع کیں۔ انھوں نے کئی کتابیں اپنی یادگار چھوڑی ہیں جن میں مصور تذکرے، ہنس راج اہیر کے افسانے، کچھ دیکھے کچھ سنے، اردو، دیوندر اسر ہوغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے حوالہ جاتی مجلہ ’عالمی اردو ادب‘ کے 42 شمارے نکالے جو اہم موضوعات اور اہم شخصیات پر مبنی ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے انگریزی سے اردو اور پنجابی سے اردو میں متعدد کتابوں کاترجمہ بھی کیامسٹر نند کشور وکرم کے انتقال سے ادبی، صحافتی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ آج کل اردو کے مدیران حسن ضیاء اور ڈاکٹر ابرار رحمانی، معروف صاحب طرز نقاد حقانی القاسمی اور دیگر ادیبوں وشاعروں نے ان کے انقال گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور ان کے انتقال کو اردو ادب کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔حقانی القاسمی نے کہا کہ ان سےذاتی مراسم تھے اور اردو زبان و ادب سے انکی محبت قابل رشک تھی ۔اردو زبان ان تک ہی محدود نہیں تھی بلکہ انہوں نے اپنے بچوں کو بھی اردو سکھایا تھا۔
یو این آئی۔ ع ا۔