RegionalPosted at: Sep 14 2018 3:25PM وزیر اعظم نے صفائی کے میدان میں اندور کی تعریف کی
اندور،14 ستمبر(یو این آئی) وزیر اعظم نرندر مودی نے آج صفائی کے میدان میں مدھیہ پردیش کی تجارتی راجدھانی اندور کی تعریف کرتے ہوئے یہاں کے سبھی شہریوں اور انتظامیہ کو مبارک باد دی۔
مسٹر مودی نے یہاں داؤودی بہرہ فرقہ کے ذریعہ محرم کی مناسبت سے منعقد عشرہ مبارک تقریب میں شرکت کے لئے آئے تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اندور صفائی مہم کا سربراہ ہے۔اس کے لئے یہاں کے شہری ، عوام نمائندے، بلدیاتی ادارے، انتظامیہ اور ریاست کی حکومت مبارک بادی کے مستحق ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس میدان میں پورے ملک میں ریاست کی راجدھانی بھوپال نے بھی کمال کیا ہے اور پوری ریاست میں صفائی مہم کو رفتار دی ہے۔ اندور کو لگاتار دوسری بار صفائی سروے میں ملک کا سب سے صاف شہر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
اس موقع پر مودی نے کل سے شروع ہوکر دو اکتوبر تک چلنے والی صفائی مہم’’ سوچھتا ہی سیوا‘‘ کی معلومات بھی دیں، انہوں نے کہا کہ داؤودی بہرہ سماج نے اپنے پورے تقریب کو ماحولیاتی پیغام سے جوڑا ہے اور ’’ سوچھتا ہی سیوا‘‘ پکھواڑے کے دوران اس طرح کے پروگرام ملک بھر میں منعقدکئے جا سکتے ہیں انہوں نے سبھی شہریوں سے اس مہم سے جڑنے کی اپیل کی۔
سوچھتا بھارت ابھیان کے بارے میں مسٹر مودی نے کہا کہ حکومت کے ذریعہ شروع کی گئی اس مہم کو عوام لگاتار آگے بڑھا رہے ہیں، پہلے 40 فیصدی گھروں میں ہی بیت الخلاء تھے، اب 90 فیصدی گھروں میں ہوگئے ہیں ،بہت جلد پورا بھارت کھلے میں رفع حاجت سے پاک ہو جائے گا۔
یو این آئی۔ولی