نئی دہلی، 20 اگست (یو این آئی) دُنیا بھر میں شہنائی کو شناخت دلانےاور اسے خاص و عام میں مقبول بنانے والے معروف شہنائی نواز استاد بسم اللہ خان کی پیدائش21 مارچ 1916 کو بہار کے گاؤں (دمراؤں) ضلع بکسر کے پیغمبربخش اور والدہ مٹھاں کے گھر ہوئی تھی۔ بسم اللہ خان کے آباؤ اجداد بھوج پور ضلع بہار کے شاہی دربار میں نقار خانہ میں ملازم بھی تھے۔ان کے والد پیغمبر بخش خان مہاراجہ جودھ پور کے دربار میں شہنائی نواز تھے۔اس سے پہلے ان کےپردادا استاد سالار حسین خان اور دادا رسول بخش خان بھی دمراؤں کے شاہی دربار میں گاتےتھے۔ ماں باپ نے اُن کانام امیرالدین خان رکھا تھا لیکن دادا نے امیرخان کو بسم اللہ میں بدل دیا اور ہاتھ میں شہنائی تھما دی۔ چونکہ موسیقی انہیں میراث میں ملی تھی اسی لیے بچپن سے ہی موسیقی میں دلچسپی رکھنے والے بسم اللہ خان نے اپنے ماموں علی بحش سےشہنائی نوازی کی تعلیم حاصل کی اور پھر بعد میں بسم اللہ خان انہی کے ساتھ کاشی کے وشوناتھ مندر میں شہنائی بجانےلگے۔چار یا پانچ برس کی عمر میں بنارس آ گئے تھے۔