InternationalPosted at: Nov 12 2024 1:03PM وسطی میکسیکو میں بار پر مسلح حملے میں 6 افراد ہلاک
میکسیکو سٹی، 12 نومبر (یو این آئی) وسطی میکسیکو کے کوآؤتلان ازکالی میونسپلٹی کے ایک بار پراتوار کی رات مسلح حملے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ مقامی افسران نے پیر کو یہ اطلاع دی۔
میونسپل حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ سان فرانسسکو ٹیپوزاکو شہر میں واقع بار ’بلنگ بلنگ‘ پر حملہ ایک الگ واقعہ ہے اور میونسپلٹی میں اس کی کوئی دوسری نظیر نہیں ملتی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’اتوار کی رات سان فرانسسکو ٹیپوزاکو شہر میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے پیش نظر، کوآؤتلان ازکالی کی میونسپل حکومت نے کہا کہ وہ میکسیکو کی ریاست کے اٹارنی جنرل کے دفتر وفاقی حکومت اور ریاست میکسیکو کی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے تاکہ متعلقہ طریقہ کار کو مکمل کیا جا سکے اور شہریوں کی حفاظت کی ضمانت دی جا سکے۔‘‘
یہ حملہ وسطی کویریٹارو ریاست میں اسی طرح کے ایک واقعے کے 24 گھنٹے بعد ہوا، جس میں ایک مسلح گروپ نے ایک بار پر حملہ کیا، جس میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 13 دیگر زخمی ہوئے۔
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے پیر کو ایک نیوز کانفرنس میں تصدیق کی کہ کویریٹارو میں حملے کے سلسلے میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔