NationalPosted at: Jun 25 2018 7:46PM ایمرجنسی میں سرکاری دہشت گردی اور لاقانونیت کا بول بالا تھا:نقوی
نئی دہلی۔25جون (یو این آئی) اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کی طرف سے 1975میں نافذ کردہ ایمرجنسی ملک کی تاریخ میں ایسا بدنما دور تھا جس میں لوگوں کے جمہوری اور آئینی حقوق سلب کرلئے گئے تھے اور سرکاری دہشت گردی اورلاقانونیت کا بول بالا تھا۔
مسٹر نقوی نے ایمرجنسی کے 43 سال گذرنے کے موقع پر اپنے بلاگ میں لکھا ہے کہ ایمرجنسی میں ہزاروں لوگوں کو جیلوں میں ڈالا گیا جن میں سینکڑوں کی موت ہوگئی۔ بربریت اور سرکاری دہشت گردی اپنے عروج پر تھی۔ جمہوری اور آئینی حقوق ختم کردئے گئے تھے۔ اپوزیشن لیڈران، سیاسی اور سماجی کارکنان، طلبہ ، صحافی جو بھی کانگریسی حکومت کی آمریت کی نکتہ چینی کرتا اسے ملک کا غدار قرار دے کر سنکین مجرمانہ الزامات میں جیل بھیج دیا جاتا تھا۔
انہوں نے کہاکہ آئینی قدریں اور لکھنے کی آزاد ی سب کچھ کانگریسی ایمرجنسی کی یرغمال بن گئی تھیں۔عدلیہ، مقننہ اور انتظامیہ کا آمرانہ حکومت نے اغوا کرلیا تھا ۔ ایک ایسی ڈراونی اور بھیانک آمریت جہاں سانس لینے کی اجازت بھی اقتدار کے سپہ سالاروں سے لینی پڑتی تھی ۔ جن صحافیوں اور ایڈیٹروں نے سرکاری زبان کو تسلیم نہیں کیا انہیں جیلوں میں ڈال دیا گیا۔
یو این آئی ج ا