NationalPosted at: Nov 19 2018 8:23PM ہمیں اپنے پورے تعلیمی نظام کو دوبارہ مرتب کرنے کی ضرورت ہے: نائب صدرجمہوریہ
نئی دہلی،19نومبر(یواین آئی) نائب صدرجمہوریہ ہند ایم وینکیا نائیڈو نے دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے والے طلباء سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’’آپ بہت خوش قسمت ہیں کہ اس عظیم یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا ہے، لیکن آج آپ ان نوجوان لوگوں کے لئے بھی سوچیں جنہیں اس کا مستحق ہونے کے باوجود ایسا موقع نہیں ملا۔ یہ ہمارے اوپر ہے کہ ہم تعلیم اور ان مواقع فوائد کو آخیر تک پہنچائیں‘‘۔ وہ آج یہاں دہلی یونیورسٹی کے 95 ویں سالانہ تقسیم اسناد کے جلسے سے خطاب کررہے تھے۔
نائب صدرجمہوریہ نے یونیورسٹی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے ویژن اور مشن سے ملک کی تعمیر کے لئے طویل مدتی عہد اور انسانیت کی آفاقی اقدار کو محفوظ کرنے کے اپنے عزم محکم کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کا نصب العین ’’نشٹھا دھریتی ستیم‘‘ عزم ، استقلال اور سچائی اس کے اصولوں کی منصفانہ عکاسی کرتے ہیں۔ گریجویشن کرنے والے طلباء اور انعام پانے والوں ، خاص طور پر نوجوان خواتین کو مبارک باد دیتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ نے خواتین کی تعلیم پر یونیورسٹی کی توجہ کی ستائش کی۔
مسٹرنائیڈو نے کہا کہ ہندوستان نے تعلیم کے شعبے ایک طویل اور مشکل ترین سفر کیا ہے جس میں عہد قدیم میں ایک پیڑ کی چھاؤں میں گرو-ششیہ کی پرمپرا کے تحت تعلیم حاصل کرنے سے آج کے دور میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک بننا شامل ہے۔
جاری
یواین آئی۔ م س