NationalPosted at: Dec 11 2018 9:22PM راہل کا تبدیلی کا وعدہ،2019میں مودی کو ہرانے کا عزم
نئی دہلی، 11 دسمبر (یواین آئی) پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کو دیکھتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے عوام سے کئے وعدے پورے نہیں کئے جس سے لوگ ان سے خوش نہیں تھے اور بی جے پی کو اسمبلی انتخابات میں شکست دینے کے بعد اب کانگریس تبدیلی کے لئے کام کرے گی اور 2019 میں بھی اسے شکست دے گی۔
کانگریس صدر نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پرہجوم پریس کانفرنس میں کہا کہ ان اسمبلی انتخابات میں کانگریس دو ریاستوں میں ہاری ہے لیکن تین ریاستوں میں جنگ جیتی ہے۔ انہیں اس بات کا فخر ہے کہ کارکنوں نے مشکل حالات میں کام کیا جسکے نتیجے میں پارٹی کو آج جیت حاصل ہوئی۔ بی جے پی جن ریاستوں میں ہاری ہے وہاں کے وزرائے اعلی نے عوام کے مفاد میں کام کیا ہے اور اس کے لیے انہیں مبارک باد دیتے ہیں۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ کسانوں کے مسائل سب سے اہم ہے۔ کانگریس حکومت وعدے کے مطابق ان کا قرض معاف کرے گی لیکن قرض معافی سے ان کا مسئلہ حل ہونے والا نہیں ہے ۔ اس کا مستقل حل نکالنے کے لئے کام کیا جائے گا۔ حکومت کے قیام کے بعد سے ہی کسانوں کے قرض معافی کے لئے کام شروع کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے نوجوانوں کو روزگار دینے، بدعنوانی مٹانے اور کسانوں کے قرض معافی کا وعدہ کیا تھا لیکن اسے مکمل نہیں کیا ہے جس سے لوگ ان سے ناخوش تھے۔
اپوزیشن پارٹی ہونے کے ناطے کانگریس مسٹر مودی کے سامنے جب لوگوں کے مسائل اٹھاتی تھی تو وہ ان کو نظر انداز کرتے رہے۔ عوام سے جڑے سوالوں کا جواب نہیں دیتے ہیں اور ملک کی بات سننا انہوں بند کر دیا ہے۔
جاری،یو این آئی،اظ