NationalPosted at: Jan 16 2019 1:04PM وی ایچ پی کے سابق سربراہ وشنو ہری ڈالمیا کا انتقال
نئی دہلی 16 جنوری (یواین آئی) وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے سابق بین الاقوامی صدر وشنو ہری ڈالمیا کا بدھ کی صبح یہاں ان کی رہائش گاہ پر انتقال ہو گیا۔وہ 91 برس کے تھے ۔
مسٹر ڈالمیا کافی عرصے سے دہلی کے اندرپرستھ اپالو اسپتال میں زیر علاج تھے۔ گذشتہ 13 جنوری کو انہیں گھر لایا گیا تھا۔
وی ایچ پی کے ترجمان ونود بنسل کے مطابق مسٹر ڈالمیا نے بدھ کی صبح نو بجکر 38 منٹ پر دہلی کے گولف لنک واقع رہائش گاہ 'رادھا رس دھام' پر آخری سانس لی۔
مسٹر ڈالمیا کا جسد خاکی شام کو تقریباً تین بجے ان کی رہائش گاہ پر آخری درشن کے لئے رکھا جائے گا اور اس کے بعد ان کی آخری رسومات ساڑھے چار بجے دہلی کے نگم بودھ گھاٹ پر ادا کی جائے گی۔
مسٹر ڈالمیا رام جنم بھومی تحریک کے معروف رہنماؤں میں سے تھے۔ وہ 1979 میں وی ایچ پی میں شامل ہوئے ۔ وہ 2005 تک بین الاقوامی صدر بھی ر ہے تھے۔ وہ طویل عرصے تک متھرا واقع بھگوان شری کرشن کی جائے پیدائش کے منیجنگ ٹرسٹی بھی رہے۔
یواین آئی۔ م س