NationalPosted at: Mar 29 2020 5:22PM کورونا وائرس سے مقابلہ جنگ جیسا، غیر معمولی چیلنج پر جیت حاصل کریں گے: مودی
نئی دہلی، 29 مارچ ( یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس (كووڈ -19) کے خلاف جنگ کو غیر معمولی چیلنج قرار دیتے ہوئے اتوار کو کہا کہ اس وبا سے مقابلے کے لئے ایسے فیصلے کئے جا رہے ہیں جو دنیا کی تاریخ میں کبھی دیکھنے اور سننے کو نہیں ملے اور انہی کی بیناد پر ہندوستان اس وبا پر فتح حاصل کرے گا ۔ مودی نے ریڈیو پر نشر ہونے والے پروگرام ’ من کی بات ‘میں ڈاکٹروں، نرسوں اور کورونا وائرس انفیکشن سے نجات پا چکے لوگوں سے بات چیت کرکے ملک کے باشندوں کو پیغام دیا کہ یہ ایک جنگ جیسی صورتحال ہے اور اسے روکنے کے لئے جو کوششیں کر رہے ہیں وہی ہندوستان کو اس وبا پر جیت دلائیں گی ۔ مسٹر مودی نے ملک میں 21 دن کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے غریبوں اور محروم طبقے کے لوگوں کو درپیش مشکلات کے لئے معافی مانگی اور کہا کہ یہ زندگی موت کی جنگ ہے اور کورونا کو ہرانا ہے ۔اس کے لئے وقت پر لاک ڈاؤن کا فیصلہ لینے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا اس لیے یہ قدم اٹھانا پڑا ۔ انہوں نے کہا’’ سب سے پہلے میں تمام ملک کے باشنددں سے معذرت چاہتا ہوں اور میری آتما کہتی ہے کہ آپ مجھے ضرور معاف کریں گے کیونکہ کچھ ایسے فیصلے کرنے پڑے ہیں جس کی وجہ سے آپ کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ”۔وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا کے خلاف یہ جنگ غیر معمولی بھی ہے اور چیلنج بھری بھی لہذا اس دوران کئے جارہے فیصلے بھی ایسے ہیں جو دنیا کی تاریخ میں کبھی دیکھنے اور سننے کو نہیں ملے۔
جاری ۔ ک ج