NationalPosted at: Jul 7 2020 9:53PM دہلی میں کورونا کے 2008 کے نئے معاملے، ہلاکتوں کی تعداد 3165 ہوئی
نئی دہلی، 7 جولائی (یو این آئی) دارالحکومت میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نئے معاملوں کی تعداد ایک بار پھر دو ہزار سے زیادہ جبکہ مزید 50 مریضوں کی موت کے بعد اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3165 ہوگئی ہے۔
پیر کے روز 1379 نئے کیسوں آنے سے کچھ راحت ملی تھی، لیکن ان میں پھر سے اضافہ ہوگیا جو قابل تشویش ہے۔
منگل کے روز حکومت دہلی کی وزارت صحت کے ذریعہ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، گذشتہ 24 گھنٹوں میں 2008 نئے معاملوں سے متاثرہ افراد کی کل تعداد بڑھ کر 102823 ہوگئی۔ اس عرصے کے دوران مزید 50 مریضوں کی اموات سے تعداد اموات بڑھ کر 3165 ہوگئی۔
مہاراشٹر اور تمل ناڈو کے بعد دہلی تیسری ریاست ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے۔ مہاراشٹر میں متاثرین کی تعداد دو لاکھ سے زیادہ ہے۔
دہلی میں راحت کی بات یہ ہے کہ نئے معاملوں کے مقابلے 2129 سے زیادہ مریض ٹھیک ہوگئے ہیں اور مجموعی طور پر 74217 افراد اس انفیکشن پر قابو پانے میں کامیاب ہوئےہیں۔ اس دوران ممنوعہ علاقوں کی تعداد کم ہوکر 454 رہ گئی۔
23 جون کو دہلی میں ایک دن میں سب سے زیادہ 3947 معاملے سامنے آئے تھے۔
فعال معاملوں کی تعداد 25449 ہے۔ کورونا جانچ میں پچھلے دنوں آئی تیزی سے یہ تعداد 679831 پر پہنچ گئی۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران دہلی میں 22447 ٹیسٹ کئے گئے۔ اس میں آر ٹی پی سی آر کی جانچ 8794 اور ریپڈ اینٹیجن جانچ 13653 پر مشتمل تھی۔
3 جولائی کو ریکارڈ 24165 جانچ کی گئیں۔ دہلی میں 10 لاکھ کی آبادی پر ہونے والی جانچ کا اوسط بھی بڑھ کر 35780 ہوگیا ہے۔
دہلی میں کورونا کے کل بیڈز 15301 ہیں جن میں سے 5003 مریض ہیں جبکہ 10298 خالی ہیں۔ ہوم آئسولیشن مریضوں کی تعداد کل کے 17141 سے کم ہوکر 16608 مریض رہ گئی ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔