نئی دہلی،28 نومبر (یو این آئی) دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کا قہر دن بہ دن بڑھتا ہی جا رہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں 4,998 نئے کیسز کے سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 5.61 لاکھ سے زیادہ ہو گئی لیکن راحت کی بات یہ ہے کہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کی شرح تقریباً 92 فیصد ہو گئی ہے۔
ہفتے کے روز جاری صحت بلیٹن کے مطابق دہلی میں متاثرین کی کل تعداد 5,61,742 ہو گئی ہے اور اس دوران مزید 89 مریضوں کی موت ہونے سے ہلاکتوں کے اعداد و شمار 8,998 ہو گئے۔ موت کے معاملے میں پورے ملک میں دہلی چوتھے مقام پر آ گیا ہے۔
دریں اثناء 6,512 افراد کے صحتیاب ہونے سے کورونا سے نجات پانے والوں کی تعداد 5,16,166 ہو گئی ہے۔ مریضوں کے صحتیاب ہونے کی شرح 91.88 فیصد ہو گئی ہے۔
دہلی میں فی الحال فعال کیسز مزید 1,603 کم ہو کر 36,578 ہو گئے جو جمعہ کے روز 38,181 تھے۔ تشویش کی بات دہلی میں کنٹینمنٹ زون کی تعداد میں اضافہ جاری ہے اور اب تک 5331 کنٹیمنٹ زون نامزد کیے جا چکے ہیں جو جمعرات کو 5153 تھے۔
دارالحکومت میں اس دوران کل 69051 افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی اب تک ہوئے ٹیسٹ کی تعداد بڑھ کر 61,73,209 ہو گئی ہے۔ ہر 10 لاکھ پر ٹیسٹ کا اوسط 3,24,905 ہے۔
یو این آئی،ایم اے۔