NationalPosted at: May 16 2022 5:19PM تعلیم کے بغیر ہماری سیاسی، سماجی اور معاشی پسماندگی دور نہیں ہوگی۔ محمد ضیاء اللہ
نئی دہلی، 16مئی (یو این آئی) دنیا میں ترقی کرنی ہے اور اپنے آپ کو کسی میدان میں مقابلے کے قابل بنانا ہے توہمیں سب سے زیادہ تعلیم کی اہمیت پر زور دینا ہوگا ورنہ ہماری سماجی، معاشی اور سیاسی پسماندگی کبھی دور نہیں ہوگی۔ یہ بات سماجی، سیاسی کارکن اور دہلی اردو اکیڈمی کے رکن محمد ضیاء اللہ نے انڈو پرائیڈ پبلک اسکول کے پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم تمام میدانوں میں اس لئے پیچھے ہیں کیوں کہ ہم نے تعلیم پر صحیح طریقے سے توجہ نہیں دی اور اگر ہمیں آگے بڑھنا ہے تو تعلیم کو اوڑھنا بچھونابناناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اسکول میں منعقد ہونے والے پروگرام کی اپنی اہمیت ہے اور بچوں کی ذہنی صلاحیتوں کی نشوونما ثقافتی پروگراموں سے ہوتی ہے۔ تعلیمی اداروں کے کھلنے سے تعلیم کی سطح میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔
عام آدمی پارٹی کے لیڈر مسٹر ضیاء اللہ نے کہا کہ اس خطہ میں ان تعلیمی اداروں کی وجہ سے یہ علاقہ تعلیم کے میدان میں نمایاں کام کر رہا ہے اور اچھی بات یہ ہے کہ دینی اور دنیا وی دونوں طرح کی تعلیم سے معاشرے میں تبدیلی آرہی ہے کیونکہ یہ ادارے صحت، ثقافتی، کھیل، اسلامی ماحول اور تعلیم فراہم کرتے ہیں۔ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر مقابلوں کے ذریعے ان کو ہمہ جہت ترقی کی راہ پر ڈالا جارہا ہے۔
پروگرام کے دیگر مہمان خصوصی علیم الدین (سماجی کارکن) تھے اور تنظیم کے بانی اور چیئرمین انجینئر محمد ابراہیم نے صدارت کی۔ادارے کے چیئرمین نے اسکول کی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ثقافتی پروگرام میں بچوں نے حب الوطنی اور مدرس ڈے کے جذبے سے سرشارپروگرام پیش کئے۔ پروگرام کے آخری مرحلے میں سال بھر ثقافتی سرگرمیوں، کھیلوں، پینٹنگ اور کلاس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے بچوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ مہمانوں کو ادارہ کے ڈائریکٹر محمد ابراہیم، پرنسپل شہر یار ضیاء نے پھولوں کے گلدستے سے نوازا۔
آخر میں والدین اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پرنسپل محترمہ شہریار ضیاء نے کہا کہ بچوں کی ہمہ جہت نشوونما اور مذہبی عقائد کو پروان چڑھانے کی ذمہ داری والدین اور سکول کی یکساں ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔