NationalPosted at: Jun 26 2017 2:17PM عید کے موقع پر سونیا کی اہل وطن کو مبارک باد
نئی دہلی، 26 جون (یو این آئی) کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج عید الفطر کے موقع پر تمام اہل وطن کو مبارکباد دی اور اپنی نیک خواہشات پیش کیں۔ محترمہ گاندھی نے اپنے پیغام میں کہاکہ عید کا تہوار بھائی چارہ، محبت اور ہم آہنگی کا پھیلانے موقع ہے۔ دنیا میں ہندستان ہی ایسا ملک ہے جہاں تمام مذاہب کے لوگوں کا سادگی اور پیار بھرا میل جول آپسی تعلقات کی مضبوطی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی کثرت میں وحدت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو جو تخریبی قوتیں تباہ کر رہی ہیں، وہ اپنے منصوبوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ سچائی، محبت، ہم آہنگی اور بھائی چارہ ہمیشہ نفرت اور بانٹنے والی طاقتوں پر بھاری پڑے گا۔ یہ ہندستان کی خوبی بھی ہے۔ کانگریس صدر نے کہا ’عید کے مبارک موقع پر ہمیں مہاتما گاندھی کے ان نظریات سے ترغیب حاصل کرنی چاہئے جن کے مطابق وہ یہ مانتے تھے کہ ہر شخص کو سب سے پہلے خود پر قابو پا کر انسانیت، عدم تشدد، محبت اور سچائی کی حفاظت کیلئے پرعزم بننا چاہئے، اسی سے ملک اور ملک کے لوگوں کا بھلا ہوگا‘۔ یو این آئی۔ س ا