OthersPosted at: Oct 16 2019 10:10PM ہندوستان کو عظیم ملک بنانے میں مہاراشٹر کا بہت بڑا تعاون: مودی
پانویل، 16 اکتوبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں میں ہندوستان کو عظیم ملک بنانے میں مہاراشٹر کا بہت بڑا تعاون رہا ہے اور ملک نے ریکارڈ فارن ڈائرکٹ اینویسمنٹ ( ایف ڈی آئی )حاصل کیا ہے اور اس کا کافی بڑا حصہ اس ریاست میں آیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے مہاراشٹر کے پانویل میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 5 سال میں نریندر اور دیویندر کا فارمولہ سُپر ہٹ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں مرکز اور مہاراشٹر کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر قیادت حکومت نے اپنی ان ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔
ہندوستان کی ترقی میں مہاراشٹر کا اہم تعاون رہا ہے۔ آنے والے وقت میں مہاراشٹر میں اور بھی ترقی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جب نریندر اور دیویندر ایک ساتھ ہوتے ہیں، تو ایک اور ایک دو نہیں، گیارہ ہو جاتا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج جب ہندوستان کو 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کا مقصد لے کر ہم چلے ہیں، تو مہاراشٹر ترقی کا وہ انجن ہے، جو اسے رفتار دے گا۔ . آج ہندوستان دنیا کا تیسرا بڑا سٹارٹ اپ فرینڈلی ملک ہے، تو اس میں مہاراشٹر کا کردار اہم رہاہے۔
مسٹر مودی مہاراشٹر میں 21 اکتوبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر آج یہاں ایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا، " ہندوستانیوں کی خوشحال ز ندگی کے لئے ہم ’نئے بھارت ‘ کی تعمیر کے لئے کام کر رہے ہیں۔
یواین آئی۔ م س