RegionalPosted at: Jun 21 2018 9:33AM عمر عبداللہ نے پی ڈی پی ۔ بی جے پی کے درمیان ہوئی طلاق کو ’فکسڈ میچ‘ قرار دے دیا
سری نگر، 21 جون (یو ا ین آئی ) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سنہ 1977 میں بننے والی بالی ووڈ فلم ’قصہ کرسی کا‘ کا ایک سین ٹویٹ کرتے ہوئے پی ڈی پی اور بی جے پی کے درمیان ہوئی طلاق کو ایک ’شاندار فکسڈ میچ‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے سیاستدانوں کی سیاست پر بننے والی فلم ’قصہ کرسی کا‘ ایک مختصر سین ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’اپنی سیاسی حکمت عملی ترتیب دینے کرنے کے لئے پی ڈی پی اور بی جے پی بالی ووڈ فلمیں دیکھتی آئی ہیں۔ ان فلموں سے تحریک وترغیب حاصل کرکے دونوں جماعتوں نے اپنا طلاق نامہ تیارکرلیا۔ شاندار فکسڈ میچ ۔ کمال کا سکرپٹ۔ لیکن سامعین (عوام) اور ہم بے وقوف نہیں ہیں‘۔
عمر عبداللہ کی جانب سے ٹویٹ کئے گئے سین میں سیاستدانوں کو آپس میں یہ باتیں کرتے ہوئے سنا اور دیکھا جاسکتا ہے۔ فلم کا سین : ’ہم آپ کو گدی پر رہنے نہیں دیں گے راجا۔ آخر تم چاہتے کیا ہو۔ دیکھو راجا کام کی بات کرو۔ تمہاری پرجاتم سے ناراض ہے ، ہماری جنتا ہم سے ناراض ہے۔ تمہاری پرجا تم کو گدی سے ہٹا دے گی، ہماری جنتا ہم کو کرسی سے ہٹا دے گی۔ اب اس مشکل کا ایک ہی حل ہے۔ تم ہمارے خلاف جنگ چھیڑ دو، ہم تمہارے خلاف جنگ چھیڑ دیں گے۔ پندرہ دن کی ایک لڑائی ہوجائے۔ تم ہمارے خلاف زہر اگلنا، ہم تمہارے خلاف زہر اگلیں گے۔ تم دیش بختی کا باشن دینا، ہم بھی دیش بختی کا باشن دیں گے۔ تم ہم پر تھوکنا ، ہم تم پر تھوکیں گے۔ دیش بختی کا یہ نشہ کم از کم پانچ برس تو چلے گا ہی۔ پانچ سال تک تمہاری اور میری گدی محفوظ ۔ اس کے بعد اور کوئی ٹورنامنٹ کھیلیں گے۔ بولا راجا منظور ہے۔ ہاں منظور ہے‘۔
واضح رہے کہ پی ڈی پی کی اتحادی جماعت بی جے پی نے 19 جون کو اچانک پی ڈی پی سے اپنی حمایت واپس لی۔ نئی حکومت کی تشکیل کے لئے کوئی جماعت سامنے نہیں آئی تو ریاست میں 20 جون کو گورنر راج نافذ کیا گیا
۔ یو این آئی ظ ح بٹ 9:20