RegionalPosted at: Oct 18 2018 10:46AM پلوامہ کے کاکہ پورہ میں مسلح تصادم، بی فارما ڈگری یافتہ جنگجو ہلاک
سری نگر ، 18 اکتوبر (یو ا ین آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کاکہ پورہ میں سیکورٹی فورسز نے جمعرات کی صبح ایک مقامی جنگجو کو ہلاک کردیا۔ مہلوک جنگجو کی شناخت اونتی پورہ کے رہنے والے شوکت احمد بٹ کے بطور کی گئی ہے۔ بی فارما کی ڈگری رکھنے والے شوکت نے مبینہ طور پر 2 اکتوبر کو تحریک المجاہدین نامی جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔
ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا ’حال ہی میں تحریک المجاہدین کی صفوں میں شمولیت اختیار کرنے والا جنگجو جو پٹن گرینیڈ حملے میں پولیس کو مطلوب تھا، کو پلوامہ میں ہلاک کیا گیا۔ اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوج کی 50 راشٹریہ رائفلز (آر آر) اور جموں وکشمیر پولیس کی مشترکہ ٹیم نے جمعرات کی علی الصبح دوگام کاکہ پورہ میں ایک ناکہ بٹھایا۔
انہوں نے بتایا کہ ناکہ پر جنگجوؤں کے ایک گروپ کو روکا گیا ، لیکن انہوں نے رکنے کے بجائے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں شوکت احمد مارا گیا جبکہ اس کے باقی ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔
ریاستی پولیس کا کہنا ہے کہ شوکت احمد شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے بابا ٹینگ پٹن میں بدھ کو ہوئے گرینیڈ حملے جس میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (آپریشنز) ظفر مہدی اور ان کے دو پی ایس اوز شبیر احمد اور عاشق حسین زخمی ہوئے تھے، میں ملوث تھا۔
جاری۔ یو این آئی۔ ظ ح بٹْ۔ شا پ۔ 0842