RegionalPosted at: Dec 11 2018 4:27PM مودی کی ریلی کے دوران قلعہ میں تبدیل رہے گی رائے بریلی
رائے بریلی: 11 دسمبر(یواین آئی) کانگریس کے رسوخ والے حلقے رائے بریلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے 16 دسمبر کو متوقع ریلی کے سلسلے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جارہے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے منگل کو بتایا کہ مسٹر مودی ایک روزہ دورے پر ماڈرن ریلی کوچ فیکٹری لال گنج کا معائنہ کریں گے۔ بعد میں وہ ایک ریلی کو بھی خطاب کریں گے۔ اس دوران سیکورٹی کو بہتر بنانے کے لئے خصوصی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اور اس کے لئے باہر سے سیکورٹی دستوں کو بلایا گیاہے۔ اڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈلمئو،صدر، سلون اور مہاراج گنج کو سیکورٹی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مودی کے رائے بریلی میں اترتے وقت 16 کمانڈو، 25 اڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ، 50 سب انسپکٹر کے علاوہ بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 12 کمپنی پی اے سی اور 6 فائر ٹینڈر بھی کسی بھی ناخوشگوار حالت سے نپٹنے کے لئے موجود رہیں گے۔
سیکورٹی کے تحت اونچی عمارتوں میں اسنائپر موجود ہوں گے جبکہ شرارتی عناصر پر نظر رکھنے اور بھیڑ کو قابو میں کرنے کے لئے ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں کی بھی مدد لی جائے گی۔
بی جے پی کے ریاستی صدر مہندر ناتھ پانڈے نے وزیراعظم کی ریلی میں تین لاکھ سے زیادہ لوگوں کے اکٹھا ہونے کا دعوی کیا ہے اس دوران مسٹر نریندر مودی رائے بریلی کو کئی پروجیکٹوں کی سوغات بھی دے سکتے ہیں۔
یواین آئی۔ولی