RegionalPosted at: Jan 20 2020 4:36PM شوپیاں میں مسلح تصادم، 3 جنگجو ہلاک
سری نگر، 20 جنوری (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع شویاں کے وچی نامی علاقہ میں پیر کی صبح ہونے والے ایک مسلح تصادم میں تین جنگجو مارے گئے ہیں۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا: 'شوپیاں تصادم میں تین جنگجو مارے گئے۔ اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم کی جارہی ہے'۔
ذرائع کے مطابق مہلوک جنگجو حزب المجاہدین سے وابستہ تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجووں میں ایس پی او سے جنگجو بننے والا عادل احمد بھی شامل ہے۔
سرکاری ذرائع نے تصادم کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ضلع شوپیاں کے وچی میں جنگجووں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ کو پیر کی صبح محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود جنگجووں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
ذرائع نے کہا کہ کچھ گھنٹوں تک جاری رہنے والے تصادم میں تین جنگجووں کو ہلاک کیا گیا جن کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔
یو این آئی۔ ظ ح بٹ۔ شا پ۔ 1422