RegionalPosted at: Apr 1 2023 7:45PM راہل پرینکا کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے: سدھو

پٹیالہ، یکم اپریل (یو این آئی) کانگریس لیڈر اور سابق ایم پی نوجوت سنگھ سدھو نے ہفتہ کو کہا کہ وہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے۔
پٹیالہ جیل سے رہائی کے بعد انہوں نے جیل کے سامنے موجود نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ پنجاب حکومت کو گرانے کی سازش ہے اور اقلیتوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ملک کی ڈھال ہے، اسے توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
روڈ ریج کیس میں ایک سال کی قید مکمل کرکے نکلے سابق کرکٹر نے کہا کہ پنجاب کو کمزور کرنے والے خود کمزور ہو جائیں گے۔ انہوں نے خود کو کانگریس کا وفادار کارکن بتاتے ہوئے کانگریس کے سامنے چیلنجوں کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ کارکن کوئی برف نہیں ہے جو پگھل جائے۔
اس سے پہلے، مسٹر سدھو نے ٹویٹر پر کہا تھا، "میں دوپہر میں پٹیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کروں گا۔
انہوں نے جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جمہوریت نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی۔ پنجاب میں صدر راج لگانے کی سازش ہے، اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ پنجاب کو کمزور کرنے کی کوشش کریں گے تو خود ہی کمزور ہو جائیں گے۔
مسٹر سدھو کا جیل کے سامنے ان کے حامیوں نے پرجوش استقبال کیا۔ وہ پولیس کی حفاظت میں تھے انہوں نے کہا کہ وہ جو کچھ کر رہے ہیں، وہ پنجاب کی اگلی نسل کے لیے کر رہے ہیں۔ وہ گھبراتے نہیں ہیں اور نہ ہی موت کا خوف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ کینسر میں مبتلا ہیں، اس کے باوجود انہوں نے جیل سے چھٹی نہیں لی۔ ان کے لیے قوم کے مذہب سے بڑا کوئی مذہب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تنوع سے بھرا ایک خاندان ہے۔ وہ اس بحران کے دوران کانگریس کارکن اور محترمہ گاندھی و مسٹر گاندھی کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
یواین آئی۔الف الف