RegionalPosted at: May 18 2024 6:04PM 'شہزادے' کو اپنی تاریخ کا علم نہیں: یادو
ممبئی، بھوپال، 18 مئی (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی ڈاکٹر موہن یادو نے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے آج کہا کہ 'شہزادے' کو اپنی تاریخ تک معلوم نہیں ہے۔
ممبئی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر یادو نے کہا کہ انہیں یہ کہنے میں کوئی گریز نہیں کہ انگریز چلے گئے، لیکن کانگریس کو چھوڑ گئے۔ کانگریس صرف الزامات لگانا جانتی ہے۔ کانگریس بنیادی طور پر انگریزوں نے پیدا کی تھی۔ آج بھی وہ اپنے تمام انتظامات ’تقسیم کرو اور حکومت کرو‘ کی پالیسی کے تحت چلاتے ہیں۔ وہ بھول جاتے ہیں کہ حکومت میں رہتے ہوئے ان کی حکومت نے کیا کیا۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جیسے وہ ہیں ویسے ہی ان کے ساتھی بھی ہیں۔ ایسے بہت سے لوگوں کو ساتھ ملا کر وہ 'گھمنڈیا' اتحاد بناکر ملک میں حکومت بنانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ وہ باتیں بھی ایسی ایسی کررہے ہیں کہ لگتا ہے کہ عوام ان کی باتوں کو نہیں جانتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کل 'شہزادے' نے امیٹھی میں تقریر کی اور اس تقریر میں انہوں نے کہا کہ 42 سال پہلے جب وہ اپنے والد کے ساتھ یہاں آئے تھے تو انہوں نے دیکھا کہ یہاں سڑکیں نہیں تھیں، کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا تھا۔ اسی سلسلے میں انہوں نے کہا کہ جب آپ 42 سال پہلے آئے تھے تو آپ بھول گئے کہ آپ کے دادا جی بھی وہیں کے ایم پی رہے، تو آپ غلطی کس کی بتا رہے ہیں؟ آنجہانی فیروز گاندھی نے وہاں سے الیکشن لڑا تھا، چاہے وہ آنجہانی اندرا گاندھی کے کچھ لگتے ہوں کہ نہیں۔ پورا گاندھی خاندان وہاں سے الیکشن لڑتا رہا، لیکن وہ خود تاریخ نہیں جانتے ۔
ڈاکٹر یادو نے کہا کہ اب وہ کہتے ہیں کہ آئین خطرے میں ہے۔ آئین میں زیادہ تر ترامیم کانگریس کی حکومتوں نے کیں۔
یو این آئی۔ م ع۔ 1716