SportsPosted at: Feb 5 2025 4:45PM ابھیشیک شرما اور تلک ورما ٹی 20 رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن کے قریب

دبئی، 5 فروری (یو این آئی) ہندوستان کے ابھیشیک شرما اور تلک ورما انگلینڈ کے خلاف حالیہ گھریلو سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد تازہ ترین آئی سی سی مردوں کی ٹی 20 پلیئر رینکنگ میں بڑی چھلانگ لگاکر ٹاپ پوزیشن کے قریب پہنچ گئے ہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے آج جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق ممبئی میں انگلینڈ کے خلاف پانچویں میچ میں 54 گیندوں میں 135 رن کی دھواں دار اننگز کھیلنے والے ابھیشیک بلے بازوں کی بین الاقوامی ٹی-20 رینکنگ میں 38 درجے کی چھلانگ لگا کر ٹاپ کے بالکل قریب دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
آسٹریلیائی اسٹار ٹریوس ہیڈ ٹی 20 بلے بازوں کی درجہ بندی میں سرفہرست ہیں لیکن ابھیشیک وانکھیڑے میں اپنی ریکارڈ ساز کوششوں کے بعد ان سے صرف 26 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں، جب کہ ہندوستان کے تین کھلاڑی ٹاپ فائیو میں ہیں۔
تلک ورما تیسرے اور کپتان سوریہ کمار یادو پانچویں نمبر پر ہیں، جو سب ہیڈ کے قریب ہیں، جب کہ ہندوستانی ٹیم کے ساتھی ہاردک پانڈیا (پانچ مقام چڑھ کر 51 ویں پر) اور شیوم دوبے (38 درجے چڑھ کر 58 ویں پر) نے بھی انگلینڈ کے خلاف کچھ اچھے اسکور کے بعد ٹی 20 بلے بازوں کی درجہ بندی میں بڑی چھلانگ لگائی ہے۔