NationalPosted at: Nov 22 2019 9:31PM پیاز کے سلسلے میں امت شاہ نے میٹنگ کی
نئی دہلی‘ 22نومبر (یو این آئی)گذشتہ دو ماہ سے ملک میں جاری پیاز کے بحران کے مدنظر مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی کے صدر امت شاہ نے آج ایک اعلی سطحی میٹنگ کیپارلیمنٹ اینکسی میں آج شام ہوئی میٹنگ میں پیاز کی بڑھتی قیمتوں کے مدنظر اس کی کمی کو دور کرنے کے لئے پیاز کے درآمد کے متعلق سنجیدہ غور و خوض کیا گیا ذرائع کے مطابق میٹنگ میں مرکز ی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر‘ مرکزی وزیر کامرس پیوش گوئل، فوڈ اور سول سپلائز کے مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان وغیرہ موجود تھے میٹنگ کے اختتام پر مسٹر شاہ یا کسی بھی وزیر نے صحافیوں کو اطلاع نہیں دی لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ دنوں کابینہ نے ایک لاکھ بیس ہزار ٹن پیاز درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلے پر عمل درآمد کے لئے یہ میٹنگ طلب کی گئی تھی۔ مسٹر شاہ نے ہدایت دی کہ پیاز کی درآمد جلد شروع کی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے ایک ہفتہ کے اندر مصر وغیرہ سے پیاز درآمد ہونا شروع ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ ان دنوں پیاز کی قیمتیں 80-90 روپے تک پہنچ گئی ہیں جس سے زبردست بحران پیداہوگیا ہے۔ جھارکھند میں ہونے والے الیکشن پر بھی قیمت میں یہ اضافہ اثر ڈال سکتی ہے اور دہلی میں بھی اگلے سال انتخابات ہونے ہیں۔ مودی حکومت دہلی میں فوری طورپر اس بحران کو دور کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
یواین آئی ج ا