NationalPosted at: Dec 15 2017 3:53PM مودی کے معافی مانگنے تک پارلیمنٹ نہیں چلنے دیں گے:اپوزیشن
نئی دہلی، 15دسمبر (یو این آئی) سابق نائب صدر حامد انصاری اور سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ پر پاکستان کے ساتھ مل کر سازش تیار کرنے کے وزیر اعظم نریندر مویدی کے الزامات کے خلاف متحد ہوتے ہوئے اپوزیشن نے آج کہا کہ جب تک مسٹر مودی معافی نہیں مانگتے راجیہ سبھا کی کارروائی نہیں چلنے دی جائے گی۔
اس معاملے پر اپوزیشن کے ہنگامہ کی وجہ سے ایوان کی کارروائی ڈھائی بجے تک کے لئے ملتوی ہونے کے بعد ایوان میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد اور کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ڈی راجہ اور سماج وادی پارٹی کے نریش اگروال نے پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ وزیر اعظم کو اپنے الزامات پر وضاحت پیش کرنی چاہئے۔
مسٹر آزادنے کہا کہ مسٹر مودی نے مسٹر انصاری اور ڈاکٹر سنگھ کے ساتھ سابق آرمی چیف دیپک کپور، سابق وزیر خارجہ، سابق خارجہ سکریٹری اور چند سینئر صحافیوں پر پاکستانی نمائندوں کے ساتھ مل کر گجرات میں بی جے پی کو شکست دینے کی سازش کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی معمولی الزام نہیں ہے اور نہ ہی کسی عام شخص کے خلاف لگایا گیا ہے۔ الزام لگانے والے بھی خود وزیر اعظم ہیں ۔ ہم نے ضابطہ 267 کے تحت تحریک التوا کا نوٹس دیا تھا لیکن ہمیں ایوان میں معاملہ اٹھانے نہیں دیا گیا۔
یو این آئی ۔ ج ا