InternationalPosted at: Jun 18 2020 3:02PM اسمارٹ لاک ڈاون سے کورونا کیسیز میں ۹۰ فیصد کمی: پاکستان کا دعویٰ
اسلام آباد۱۸جون (یو این آئی) حکومت پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی دارالحکومت میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت جن دو علاقوں کو بند کیا گیا تھا وہاں کورونا وائرس کیسز 90 فیصد کم ہوگئے۔
اخبار ڈان نے اسلام آباد کے میئر حمزہ شفاعت کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ’سیکٹر جی-9 میں تقریباً 100 کیسز روزانہ رپورٹ ہورہے تھے لیکن اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے سے کیسز کی تعدا د گھٹ کر یومیہ آٹھ نو ہو گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق یہ صرف لاک ڈاؤن کا فائدہ ہے جس کے ذریعے لوگوں کی نقل و حرکت کو محدود کردیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ کسی شخص کو لاک ڈاؤن کے زیر اثر علاقے میں غیر ضروری طور پر اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں تھی اور اس مہلک وائرس کی انسان سے انسان میں منتقلی کا خطرہ ٹالنے کے لیے نقل وحرکت پر بھی پابندی لگائی گئی۔
اس تجربے کے برعکس پاکستان بھر میں ابھی کل پانچ ہزار 785 نئے کیسز اور 133 اموات کی اطلاعات ملی ہیں۔ جس کے بعد کورونا کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 57 ہزار 738 جبکہ اموات 3 ہزار 33 تک جا پہنچی ہیں۔
یو این آئی۔ سلام