RegionalPosted at: Nov 28 2020 8:05PM مودی وارانسی میں منائیں گے' دیو دیوالی'
وارانسی:28نومبر(یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی پیر کو وارانسی میں 11لاکھ مٹی کے دیپوں اور بجلی کے قمقموں کی رنگ برنگی روشنی میں پہلی بار 'دیو دیوالی' منائیں گے۔
اس موقع پر وہ ایک شاندار تقریب میں کروڑوں روپئے کے ترقیاتی پروجکٹوں کے تحفے بھی اپنے پارلیمانی حلقے کے باشندوں کے نام کر کے ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے 30نومبر کو یہاں مجوزہ پروگرام کے پیش نظر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو اپنے دورے کے دوران جو ہدایات دئیے تھے اس کے مطابق تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
آفیشیل ذرائع نے بتایا کہ کورونا بحران شروع ہونے کے بعد اپنے پہلے دورے کے دوران وزیراعظم 'دیو دیوالی منائیں گے۔اور ایک تقریب میں نیشنل ہائی وے کو چھ لین میں تبدیل کرنے کے کام کی سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ کروڑوں روپئے کے ترقیاتی پروجکٹوں کا تحفہ دیں گے۔
اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم مودی گنگا کی لہروں کے درمیان الکا نندا کروج پر سوار ہوکر روشنی میں ڈوبے گھاٹوں کی سیر کریں گے۔تقریبا 7.30 کلومیٹر کی لمبائی میں پھیلے 84گھاٹوں کی صاف صفائی اور انہیں روشن کرنے کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔مٹی کے 11لاکھ دیپوں کے علاوہ بجلی کے قمقموں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر مسٹر مودی کے اس دورے کے دوران سیکورٹی ایجنسیاں پہلے کے مقابلے زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کررہی ہیں۔ دورے سے پہلے شہر کی سرحدوں کو سیل کرنے کا منصوبہ ہے۔مقامی پولیس کے علاوہ پی اے سی اور سی آر پیایف کے 10ہزار سے زیادہ سیکورٹی ملازمین کو اہم مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔
یواین آئی۔ولی