NationalPosted at: Jun 23 2024 6:23PM تمل ناڈو زہریلی شراب معاملے کی سی بی آئی تحقیقات ہونی چاہئے: سیتا رمن
نئی دہلی، 23 جون (یو این آئی) مرکزی وزیر خزانہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی سینئر لیڈر نرملا سیتا رمن نے اتوار کو تمل ناڈو زہریلی شراب معاملے کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو اس پر بیان دینا چاہئے۔
محترمہ سیتا رمن نے یہاں یواین آئی کو بتایا کہ 200 سے زیادہ لوگ اب بھی تشویشناک حالت میں اسپتال میں ہیں۔ کل 56 لوگوں کی موت ہوئی ہے اور ان میں سے زیادہ تر کا تعلق درج فہرست ذات سے ہے۔ وہ اس واقعہ کی مذمت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا ’’مجھے حیرت ہے کہ کانگریس نے اس کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ ایک ایسی ریاست میں جہاں حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی ’تسماک‘ دکانوں سے لائسنس یافتہ شراب ملتی ہے،اس کے باوجود کلاسکورچی شہر کے بیچ و بیچ کیمیکل پر مبنی غیر قانونی شراب پیش کی جا رہی ہے۔ کہاں ہیں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، کہاں ہیں راہل گاندھی؟ وہ جنوبی سے صرف اس لیے الیکشن لڑتے ہیں کہ انہیں یقین ہے کہ وہ جیت جائیں گے۔ تمل ناڈو میں ہم ڈی ایم کے کے ساتھ الیکشن لڑتے ہیں اور جب دلت زہریلی شراب سے مر رہے ہوتے ہیں تو کوئی بیان جاری نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے اس معاملے میں مسٹر گاندھی اور مسٹر کھڑگے سے بیانات دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس پورے معاملے کی جانچ سی بی آئی کو سونپنے کا مطالبہ کیا۔
یو این آئی۔ این یو۔