RegionalPosted at: Oct 22 2021 9:31AM کانگریس کو سمجھنا ہوگا کہ اس کے برے دن چل رہے ہیں: مایاوتی
لکھنؤ ، 22 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کے طالبات کوا سکوٹی اور اسمارٹ فون دینے کے وعدے پر طنز کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے کہا کہ الیکشن آنے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کی طرح ’اچھے دن‘سبز باغ کے وعدے کرنے والی کانگریس کو سمجھنا ہوگا کہ اس کے برے دن چل رہے ہیں۔
محترمہ مایاوتی نے جمعہ کو ٹویٹ کیا ،’ کانگریس نے انتخابی چھلاوے کے تحت بی جے پی اور ایس پی کی طرح کئی طرح کے سبز باغ والے وعدے وغیرہ کرنے شروع کر دیے ہیں جن کے تحت اس پارٹی نے یوپی میں حکومت بنانے کے بعد پاس ہونے والی طالبات کو اسمارٹ فون اور سکوٹیاں دینے کی بات کی ہےلیکن بنیادی سوال یہ ہے کہ ان پر کون اور کیسے یقین کرے؟‘
کانگریس کی راجستھان اور پنجاب میں حکومت ہے تو کیا انہوں نے وہاں کچھ ایسا کر کے دکھایا ہے جو عوام ان کی باتوں پر یقین کرلیں۔ اگر نہیں تو لوگ ان پر کیسے یقین کریں۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس اور بی جے پی جیسی جماعتوں کے دعووں اور وعدوں کے تئیں عوام کا اعتماد نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام سے دھوکہ اور وعدہ خلافی وغیرہ کے سبب کانگریس کے برے دن چل رہے ہیں اور انہی کچھ خاص وجوہات سے بی جے پی کے بھی برے دن شروع ہو چکے ہیں۔ ’اچھے دن‘ کا خواب دکھا کر عوام پر مہنگائی، غریبی اور بے روزگاری وغیرہ کا پہاڑ توڑنے کا خمیازہ تو بی جے پی کو بھگتنا ہوگا۔
یو این آئی،ایم اے۔