RegionalPosted at: Feb 27 2021 5:44PM مودی کی وارانسی کو سوغات ،چلیں گی سی این جی کشتیاں : پردھان
وارانسی،27 فروری (یواین آئی) پٹرولیم کے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے ہفتے کو کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی جلد ہی اپنے پارلیمانی حلقے وارانسی کو ’اسمارٹ سٹی‘ بنانے میں مددگار ’پردھان منتری اورجا گنگا‘ پروجیکٹ کے تحت گنگا ندی میں سی این جی کشتیوں کا افتتاح کریں گے۔
انہوں نے اپنے دو روزہ دورے کے آخری دن کھڑکیا گھاٹ پر اورجا گنگا پروجیکٹ سے جڑے کاموں کا مقامی جائزہ اور مشینوں کی تکنیکی صلاحیتوں کو پرکھا۔ اس کے بعد انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ سی این جی سے چلنے والی کشتیوں سے آلودگی میں کمی آئے گی اور سیاحوں کو بہترین سہولیات کے ساتھ ساتھ بہتر ماحول بھی ملے گا۔ گنگا میں کشتی ڈیزل کے بجائے سستے ایندھن سی این جی سے چلیں گی۔ اس سے ماحولیات کی حفاظت کےساتھ ہی ملاحوں کو بچت بھی ہوگی۔
مرکزی وزیر نے کہا،’’ آج سی این جی سے چلنے والی کشتی کا ٹیکنیکل ٹیسٹ ہوا ہے۔ جلد ہی وزیراعظم اس یوجنا کے بڑے پیمانے پر افتتاح کریں گے۔‘‘
انہوں نے کہا،’’پردھان منتری اورجا گنگا یوجنا کی شروعات کاشی سے ہوئی تھی اور اب سی این جی سے کشتی چلنے کی وجہ سے یہ یوجنا ٹیکنیکلی ماں گنگا کے اندر بھی پہنچ گئی ہے۔‘‘
مسٹر پردھان نے کہا کہ وارانسی کو اسمارٹ سٹی بنانے کا کام تیزی کیا جارہا ہے۔ اسی کے تحت یہاں گنگا ساحل پر کھڑکیا گھاٹ (راج گھاٹ کے پاس) کو جدید ترین سہولیات سے لیس کیا جارہا ہے۔ یہاں تمام گھاٹوں کو قدیم اقدار کو توجہ میں رکھتے ہوئے خوبصورت اور سیاحوں کی ضرورت کے مطابق بنایا جارہا ہے۔ اس سے مذہبی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ کاشی (وارانسی) دنیا کی توجہ کا مرکز پہلے سے ہی رہا ہے۔ حال میں وزیراعظم کے منصوبے کے مابق اسے اور خوبصورت بنایا جارہا ہے۔
یواین آئی۔اےایم۔