NationalPosted at: Jul 23 2017 8:04PM 10 راجہ جی مارگ پرنب مکھرجی کی نئی قیام گاہ
نئی دہلی،23 جولائی (یو این آئی)پرنب مکھرجی 5 سال تک صدارت کے منصب جلیلہ پر فائز رہنے کے بعد کل اپنے عہدہ سے سبکدوش ہورہے ہیں جس کے بعد وہ راشٹرپتی بھون سے 10 راجہ جی مارگ پر واقع اپنی نئی رہائش گاہ میں منتقل ہوجائیں گے۔ شہری ترقی کی وزارت کے حکام نے بتایا کہ برطانوی عہد کے اس وسیع و عریض بنگلے کی مرمت او ر ’’تزئین کا کام آخری مرحلہ میں ہے۔‘‘ واضح رہے کہ یہی بنگلہ مرحوم صدر اے پی جے عبدالکلام کی رہائش رہ چکا ہے جہا وہ سبکدوشی کے بعد اپنے انتقال تک مقیم تھے ۔ ڈاکٹر کلام کے انتقال کے بعد یہ بنگلہ مرکزی وزیر ثقافت مہیش شرما کو الاٹ کیاگیاتھا۔ جسے انہوں نے خالی کردیا ہے اور 10 اکبر روڈ منتقل ہوگئے ہیں۔ ڈاکٹر مکھرجی کی نئی رہائش گاہ 11,776 مربع فٹ پر پھیلی ہوئی ہے اور اس کے گراوند فلور پر لائبریری بھی ہے۔ ڈاکٹر مکھرجی کو مطالعہ کا بے حد شوق ہے۔ مسٹر مکھرجی نے 25 جولائی 2012 کو 13 ویں صدر کی حیثیت سے اپنا عہدہ سنبھالا تھا جس کی میعاد کل ختم ہورہی ہے۔ یو این آئی۔ ایم اے۔ اے جے