RegionalPosted at: Aug 13 2019 8:06PM پرینکا گاندھی نے سون بھدر کے متاثرین سے ملاقات کی
سونبھدر 13 اگست (یواین آئی) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا آج مشرقی اتر پردیش کے سون بھدر ضلع کے امبھا گاؤں پہنچیں جہاں انہوں نے ان متاثرہ کنبے سے ملاقات کی جن کے گھروالوں کا گزشتہ مہینےقتل کردیا گیا تھا۔
پرینکا گاندھی نے اس دوران کہا کہ یہاں بے قصور لوگوں پر فرضی مقدمے چلائے جارہے ہیں۔ یہاں تک کی خواتین پر بھی گنڈا ایکٹ لگایا گیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے سارے مقدمے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ گزشتہ مہینے زمین پر قبضے کے لئے یہاں 10 قبائلیوں کا قتل کردیا گیا تھا۔ اس وقت بھی پرینکا نے وہاں جانے کی کوشش کی تھی، لیکن بیچ راستے میں ہی انہیں روک دیا گیا تھا۔
یہاں پرائمری اسکول میں بنے پنڈال میں پرینکا نے متاثرہ خاندان کی خواتین سے ملاقات کی۔تقریبا سوا دو گھنٹے خواتین کے ساتھ بات چیت کرنے کے بعد انہوں نے جائے حادثہ کا بھی جائزہ لیا۔وہ واپسی میں گاؤں کے بہت سے متاثرین کے گھروں میں بھی گئیں اور وہاں موجود بزرگ خواتین اور بچوں کا حال چال بھی پوچھا۔
امبھا گاؤں جاکر کانگریس جنرل سکریٹری نے اس جگہ کا معائنہ بھی کیا جہاں، 17 جولائی کو فائرنگ ہوئی تھی جس میں 10 لوگوں کی موت اور 28 افراد زخمی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 17 جولائی کو زمینی تنازعہ میں سون بھدر کے گھوراول تھانہ کے تحت گاوں امبھا میں ہوئے قتل عام میں دس لوگوں کی موت ہو گئی تھی جبکہ 28 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
متاثرین سے ملنے کے لئے پرینکا 19 جولائی کو سون بھدر آکر موقع پر جانا چاہتی تھیں لیکن انتظامیہ کی طرف سے انہیں مرزاپور ضلع کے نارائن پور میں روک لیا گیا جہاں پرینکا گاندھی سڑک پر ہی اپنے حامیوں کے ساتھ دھرنے پر بیٹھ گئیں اور امبھا جانے کی بات پر اڑ گئی تھیں۔
یواین آئی۔ م س