NationalPosted at: Dec 28 2020 9:18PM کسانوں کو نظر انداز کرکے خود کفالت نہیں آئے گی: راہل
نئی دہلی ، 28 دسمبر (یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ملک کا ان داتا سڑکوں پر احتجاج کررہا ہے اور حکومت ان کو نظراندازکررہی ہے لیکن انہیں یہ سمجھنا چاہئے کہ کسانوں کو نظرانداز کرکے ملک میں خود انحصاری نہیں آسکتی ہے مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ "کسان کی خود کفالت کے بغیر ملک کبھی خود کفیل نہیں ہوسکتا ہے۔ زرعی مخالف قانون کو واپس لیں۔ کسان بچائیں ، ملک بچائیں! "
اس دوران کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ملک کے کروڑوں کسان دہلی کی سڑکوں پر تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن حکومت کو ان کی فکر نہیں ہے۔ حکومت ان کے بارے میں غور نہیں کررہی ہے۔ سخت سردی میں کسان سڑکوں پر بیٹھاہے۔ حکومت کو ان کا خیال رکھنا چاہئے۔ اب تک احتجاج کرنے والے 47 کسان اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور حکومت خاموشی سے تماشہ دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بے رحم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بے رحمی سے نہیں چلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر مسٹر مودی سے درخواست ہے کہ وہ ضد چھوڑ دیں ، کاشتکاروں کے ساتھ ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح سلوک نہ کریں اور اپنے ذہن کے دروازے کھول کر کسانوں کے ساتھ بات کریں اور زراعت سے متعلق تینوں سیاہ قوانین کو ختم کرنے کا حکومت فیصلہ کرے۔‘‘
یواین آئی۔ ظ ا