OthersPosted at: Sep 18 2018 9:56PM مالیہ کے معاملے میں راہل نے مودی اور جیٹلی پر کیا حملہ
کرنول، 18 ستمبر (یو این آئی) کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرخزانہ ارون جیٹلی پر زبانی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ شراب کاروباری وجے مالیہ وزیر خزانہ کے علم میں ہوتے ہوئے ملک سے فرار ہوگئے اور وزیراعظم اس معاملے میں بالکل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔
مسٹر راہل گاندھی منگل کو یہاں ایک بڑی ریلی ’ستیہ میو جیتے ‘ سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’’پوراملک جانتا ہے کہ مالیہ چور ہے، جس نے پبلک سیکٹر کے بینکوں سے 9 ہزار کروڑ روپے چرائے ہیں۔ مسٹر جیٹلی کے علم کے باوجود وہ ملک سے فرار ہوگیا۔ دونوں (وزیر خزانہ اور مالیہ) کے درمیان کچھ ملی بھگت ہونے پر ہی اسے بھاگنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر خزانہ اورمالیہ کے درمیان ایک سودا ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’’جب مالیہ ملک چھوڑ کر بھاگا تو وزیر خزانہ کو اس بات کا علم تھا۔ چوکیدار (وزیراعظم مودی) نے اس معاملے میں اب تک ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ میں وزیراعظم سے مسٹر جیٹلی کو کابینہ سے ہٹانے کا مطالبہ کرتا ہوں۔‘‘
مسٹر مودی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’وزیراعظم اوپر نیچے، دائیں بائیں دیکھتے ہیں، لیکن میری آنکھوں میں نہیں دیکھتے ہیں۔ آپ اگر خصوصی ریاست کے درجے کی بات کریں گے تو وہ آپ کی آنکھوں میں نہیں دیکھیں گے۔ وہ اپنے کو ملک کا چوکیدار ہونے کا دعوی کرتے ہیں لیکن چوکیدار ایسے شخص ہیں جنہوں نے چوروں کے لئے رات میں دروازہ کھلا چھوڑ رکھا ہے۔‘‘
جاری۔یو این آئی۔ ظ ا۔