NationalPosted at: Sep 14 2018 3:31PM راہل کا سی بی آئی کی نوٹس کے بہانے مودی پر حملہ
نئی دہلی،14 ستمبر(یو این آئی) کانگریس صدر راہل گاندھی نے شراب کاروباری وجے مالیہ کے خلاف سی بی آئی کی گرفتاری نوٹس کو اطلاعاتی نوٹس میں تبدیل کرنے کے ضمن میں ویزاعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جانچ ایجنسی وزیراعظم کے حکم کے بغیر نوٹس نہیں بدل سکتی۔
مسٹر گاندھی نے جمعہ کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا’’ وجے مالیہ کا بھاگنا اسی وقت ممکن ہوپایا جب سی بی آئی نے اس کی گرفتاری نوٹس کو اطلاعاتی نوٹس میں بدلا، سی بی آئی راست طور سے وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کرتی ہے،یہ سمجھ سے پرے ہے کہ سی بی آئی نے اس ہائی پروفائل معاملے میں وزیر اعظم کی اجازت کے بغیر گرفتاری نوٹس کو تبدیل کردیا۔
غور طلب ہے کہ گاندھی نے کل پریس کانفرنس میں الزام لگایا تھا کہ مالیہ کے خلاف نوٹس کو بدلنے کے پیچھے وزیر اعظم کابراہ راست مداخلت تھی ، اس لئے نوٹس کو بدلا گیا اور بینکوں کے نو ہزار کروڑ روپئے لیکر مالیہ بیرون ملک فرار ہوگیا۔
دہلی کانگریس کے صدر اجے ماکن نے کانگریس دفتر میں منعقد ایک خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ مالیہ کے خلاف جاری نوٹس کو وزیر اعظم کے اشارے پر ہی بدلا گیا اور اس وجہ سے وہ بیرون ملک بھاگنے میں کامیاب رہا ۔انہوں نے کہا کہ مالیہ کو بھاگانے میں حکومت کا ہاتھ ہے۔
یو این آئی۔ولی