NationalPosted at: Feb 23 2024 8:20PM چاند -مریخ پر جانے والا ملک پیپر لیک کی بیماری سے نجات حاصل نہیں کرپارہا ہے: راہل-پرینکا
نئی دہلی، 23 فروری (یو این آئی) کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا نے اتر پردیش میں پولس اور آر او امتحان کے پرچے لیک ہونے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ چاند اور مریخ پر جانے والے ہمارے ملک میں فل پروف مسابقتی امتحانات کا انعقاد نہیں ہوپارہا ہے مسٹر گاندھی نے کہا، "لکھنؤ سے لے کر پریاگ راج تک پولس بھرتی کے پیپر لیک کو لے کر، نوجوان سڑکوں پر ہیں اور وہاں سے صرف 100 کلومیٹر دور وارانسی میں، وزیر اعظم نوجوانوں کے نام پر نوجوانوں کو ہی ورغلارہے ہیں۔ ٹھیٹھ بنارسی انداز میں کہیں تو مودی جی ’نانی کو ننیہال کا حال سنا رہے ہیں۔
محترمہ واڈرا نے کہا، "صرف ایک بار سوچ کردیکھئے- 50 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں نے فارم بھرا۔ یہ ریاست کی تاریخ کا سب سے بڑا امتحان تھا۔ یہ 400 روپے کا فارم تھا۔ 48 لاکھ ایڈمٹ کارڈ جاری کیے گئے اور امتحان سے پہلے پیپر لیک ہو گیا۔ بچوں پر کیا گزر رہی ہوگی۔ ان کے گھر والوں پر۔ ایسا ہی آر او امتحان میں ہوا۔ پرچہ لیک ہوگیا۔ یوپی کے ہر گاؤں میں اس کا چرچا ہے۔ حکومت سو رہی ہے۔لڑکے اور لڑکیاں الہ آباد، میرٹھ سے لکھنؤ تک احتجاج کر رہے ہیں اور آر ای- امتحان کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حکومت ان کی تذلیل کر رہی ہے اور لاٹھیوں سے پٹوارہی ہے۔ کون کراتا ہے پیپرلیک؟ کیسے ہوتا ہی یہ پیپر لیک؟
انہوں نے مقابلہ جاتی امتحانات کے پیپر لیک ہونے کے واقعات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چاند اور مریخ پر جانے والا ہمارا ملک ایک فُل پروف امتحان نہیں کراسکتا، جہاں نوجوان کی محنت چوری نہ ہو، اس کے مستقبل پر ڈاکہ نہ ڈالا جائے۔ "
یواین آئی۔الف الف