RegionalPosted at: Dec 10 2023 2:13PM گوگامیڑی قتل کیس کے دونوں شوٹر گرفتار
جے پور، 10 دسمبر (یو این آئی) راجستھان کی راجدھانی جے پور میں ہوئے شری راشٹریہ راجپوت کرنی سینا کے قومی صدر سکھ دیو سنگھ گوگامیڑی کے قتل کیس کے دونوں شوٹروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق پولیس نے اس معاملے میں مرکزی ملزم روہت راٹھور اور نتن فوجی کو چنڈی گڑھ سے گرفتار کیا ہے۔
دونوں ملزمین کو جے پور لایا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ اس معاملے میں ایس آئی ٹی کی تشکیل کے بعد راجستھان پولیس نے 72 گھنٹے کے اندر اس معاملے میں ملزمین کو پکڑنے کا یقین دلایا تھا اور انہوں نے انہیں جلد ہی پکڑ لیا۔ دہلی اور چنڈی گڑھ پولیس نے ملزم کی گرفتاری میں راجستھان پولیس کی مدد کی۔
واقعے کے بعد دونوں ملزمان بس کے ذریعے ڈیڈوانہ پہنچے اور پھر ٹیکسی کے ذریعے سجان گڑھ پہنچ کر حصار کے لیے بس لی اور اس کے بعد چنڈی گڑھ میں چھپ گئے۔
واضح رہے کہ جے پور میں ان دو ملزمان کی مدد کرنے والے ملزم رام ویر جاٹ کو ہفتہ کو ہریانہ کے مہندر گڑھ سے گرفتار کیا گیا تھا۔
پانچ 5 دسمبر کو مسٹر گوگامیڑی کو ان کے گھر میں گھس کر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس قتل کے واقعہ میں شرپسندوں کا ساتھ دینے والے نوین شیخاوت بھی مارا گیا تھا جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے تھے۔
یو این آئی۔ این یو۔