NationalPosted at: Jan 26 2022 7:24PM راج پتھ پر ملک کی شان و شوکت کا شاندار مظاہرہ
نئی دہلی، 26 جنوری (یو این آئی) ملک کے 73 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر بدھ کو یہاں راج پتھ پر منعقد ہونے والے پروگرام میں جہاں سیکورٹی، نظم و ضبط، مختلف ثقافتوں کی جھلک اور ناقابل تسخیر فوجی بہادری کا ایک انوکھا نظارہ دیکھنے کو ملا۔
یوم جمہوریہ کی پریڈ کی تقریبات کا آغاز وزیر اعظم نریندر مودی کے قومی جنگی یادگار پر خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ہوا۔ مسٹر مودی نے یہاں ان بہادر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کے ساتھ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور تینوں افواج کے سربراہان بھی تھے۔ یہ پہلا موقع ہے جب وزیر اعظم نے یوم جمہوریہ کے موقع پر قومی جنگی یادگار میں امر جوان جیوتی پر پھول چڑھائے۔ اس سے پہلے وزیر اعظم انڈیا گیٹ پر واقع امر جوان جیوتی پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے تھے۔ یہ روایت 1972 سے چلی آ رہی تھی، لیکن اب اس جیوتی کو نیشنل وار میموریل میں واقع امر جوان جیوتی کے ساتھ ضم کر دیا گیا ہے۔
اس بار یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقد ہونے والی مرکزی پریڈ کے دوران کئی تبدیلیاں دیکھی گئیں۔ پہلی بار یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقد کیا جانے والا مرکزی پروگرام آدھے گھنٹے کے تاخیز سے صبح 10.30 بجے شروع ہوا۔ اب تک یہ پروگرام صبح 10 بجے شروع ہوتا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے مسلسل دوسرے سال کسی بھی غیر ملکی مہمان نے بطور مہمان خصوصی پروگرام میں شرکت نہیں کی۔ نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی ) کے 'شہیدوں کو سلام' سے پروگرام کا آغاز ہوا۔
جاری،یواین آئی، اظ