NationalPosted at: Aug 7 2024 7:47PM اپوزیشن صحت اور لائف انشورنس پریمیم پر جی ایس ٹی پر سیاست کر رہی ہے: سیتا رمن
نئی دہلی، 07 اگست (یو این آئی) وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے انشورنس پریمیم پر گڈز اینڈ سرویس ٹیکس (جی ایس ٹی) لگانے کے فیصلے کو لے کر بدھ کو اپوزیشن کو کٹہرے میں کھڑا کیا اور پوچھا کہ کیا اپوزیشن جماعتوں نے اپنے تحت ریاستوں سے کوئی کارروائی کی ہے؟ کیا اس سلسلے میں وزیر خزانہ کو کوئی خط لکھا گیا ہے؟
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے لوک سبھا میں فنانس بل 2024 (2) پر بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاستوں کے ذریعہ انشورنس پریمیم پر ٹیکس لگانے کا نظام جی ایس ٹی سے پہلے موجود تھا اور اسی نظام کو جی ایس ٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس موضوع پر پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی طرف سے کئے گئے نکات کو جی ایس ٹی کونسل کے سامنے رکھیں گی کیونکہ کونسل نے اپنی 31ویں، 37ویں اور اس کے بعد کی میٹنگوں میں اس پر بحث کی ہے۔
لائف اور ہیلتھ انشورنس پالیسیوں پر جی ایس ٹی ہٹانے کے معاملے پر سینئر مرکزی وزیر کے خط کے بارے میں محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ اپوزیشن اس پر سیاست کر رہی ہے۔ وزراء دوسروں کی یادداشتوں پر ایسے خط لکھتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس پر جی ایس ٹی سے پہلے ہر ریاست میں ہیلتھ ٹیکس لگایا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی روٹیاں سینک رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اپوزیشن نے اپنی ریاستوں کے وزرائے خزانہ کو خط لکھا ہے اگر ایسا کوئی مطالبہ ہے؟
یواین آئی۔ ظ ا