InternationalPosted at: Oct 16 2019 9:50AM بارسلونا میں تشدد کے درمیان میئر کی مذاکرات کی اپیل
میڈرڈ، 16 اکتوبر (اسپوتنك) اسپین میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف صوبہ کاٹولونیہ میں منگل کو ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں کم ازکم 74 لوگوں کے زخمی ہونے اور پرتشدد واقعہ کے درمیان بارسلونا کے میئر ادا کولا نے امن اور بات چیت کی اپیل کی ہے۔
مسٹر كولا نے منگل کو ٹوئٹ کرکے کہا’’ہم شہر میں امن اور بات چیت چاہتے ہیں۔ ہم پرامن لوگوں کو قید یا الزام لگا کر ناانصافی نہیں کرنا چاہتے۔ ہم تشدد نہیں چاہتے کیونکہ اس سے لوگوں کی سیکورٹی خطرے میں پڑتی ہے۔ ہم امن اور بات چیت کی اپیل کرتے ہیں‘‘۔
مقامی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ کی طرف سے پیر کو کاٹولونیہ کے نو رہنماؤں کو سزا سنائے جانے کے بعد كاٹولونيہ میں منگل کو احتجاج شروع ہوا۔ اس دوران مظاہرین پولیس سے بھڑ گئے اور بہت سے مقامات پرآگ زنی کی جس میں کم از کم 74 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں 25 افراد کو حراست میں لیا ہے۔
مظاہرین بارسلونا میں پولیس سے گتھم گتھا ہوگئے جہاں منگل کو تقریبا 40،000 لوگ سڑکوں پر اتر کر احتجاج کر رہے تھے۔ مظاہرین نے پولیس افسران پر مختلف قسم کی اشیاء پھینکنی شروع کردیں، کوڑے دان میں آگ لگا دی اور سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔پولیس نے مظاہرین پر پہلے لاٹھی چارج کیا اور ربڑ کی گولیاں داغیں ۔اس کے علاوہ ليڈا، ترراگونا اور گرونا میں سرکاری عمارتوں کے پاس بھی جھڑپوں کے واقعات ہوئے۔
خیال رہے کاٹولونيہ میں پیر کو احتجاج کے دوران 130 سے زائد مظاہرین اور 70 پولیس افسران زخمی ہو گئے تھے۔
اسپوتنک،اظ