InternationalPosted at: Jan 8 2018 10:47AM ٹرمپ مخالف بیان پر اسٹیو بینن نے معافی مانگی
واشنگٹن ،7جنوری(یو این آئی)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق چیف پالیسی ساز اسٹیو بینن نے اس تبصرے کے لئے معافی مانگی ہے جس میں انہوں نے امریکی صدر کے بیٹے ڈونالڈ جونیئر کو 'اعتماد شکن اور غدار' کہا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق پالیسی ساز اسٹیو بینن نے اپنے اس بیان کو تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے جس میں انھوں نے امریکی صدر کے بیٹے ڈونلڈ جونئیر کو ’غدار‘ کہا تھا۔
یہ الزام صحافی مائیکل وولف کی کتاب 'فائر اینڈ فیوری: انسائیڈ دی ٹرمپ وائٹ ہاؤس' میں سامنے آیا تھا۔
اسٹیو بینن سے منسوب بیان میں کہا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ کے بیٹے کی روسی حکام سے جون 2016 میں ہونے والی ملاقات 'غداری' کے زمرے میں آتی ہے۔
تاہم اب اتوار کے روز اسٹیو بینن نے کہا ہے کہ ان کا اشارہ پال منافورٹ کی جانب تھا جو اس وقت وہاں موجود تھے۔
واضح رہے کہ امریکی سینیٹ، ایوان نمائندگان اور خصوصی کونسل تمام مل کر صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ تاہم ان الزامات کو روس اور ڈونلڈ ٹرمپ مسترد کرتے آئے ہیں۔
اسٹیو بینن کا تازہ بیان پہلے نیوز ویب سائٹ ایکسیئس میں شائع ہوا جس میں انھوں نے ڈونلڈ جونیئر کو ’اچھا انسان اور حب الوطن‘ کہا ہے۔
بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’میرا اشارہ پال منافورٹ کی جانب تھا جو کہ مہم چلانے کے ماہر ہیں اور جانتے ہیں کہ روسی کیسے کام کرتے ہیں۔ان کو معلوم ہونا چاہیے تھا کہ وہ چالاک ہیں اور ہمارے دوست نہیں۔ میں دوہراتا ہوں کہ میرا وہ بیان ڈونلڈ جونیئر کے بارے میں نہیں تھا۔‘
خیال رہے کہ اسٹیو بینن کے اس بیان کے سامنے آنے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ جب سے ان کے سابق ساتھی اسٹیو بینن کو وائٹ ہاؤس کی نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے اس کے بعد سے ان کا 'دماغ خراب ہو گیا ہے'۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا ’اسٹیو بینن کا مجھ سے اور میری صدارت سے کوئی واسطہ نہیں۔ جب سے اسے نوکری سے نکالا گیا ہے اس کے بعد سے اس کا دماغ بھی خراب ہو گیا ہے۔'
یو این آئی،اظ 0908